
کراچی (نوائے بروج ) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ادارہ ترقیات کراچی اور کے ایم سی کے ملازمین کی پنشن کا معاملہ بہت جلد حل کرنے کی طرف جارہے ہیں۔ آج مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب کی صدارت میں کابینہ کی سب کمیٹی کا اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو ، ایڈمنسٹریٹر کراچی، سیکریٹری ایریگیشن سمیت اعلی افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں طے پایا کہ بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی پنشن کا معاملہ کچھ عرصہ سے التوا پذیری کا شکار ہے جس کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین اضطراب کا شکار ہیں۔ اس صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ان اداروں کے مالی وسائل کا جائزہ لیا گیا اور پیدا ہونے والے مالی مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔