کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکریٹری منسٹری برائے بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے، اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے،عالمی برادری نے اسرائیل کو ظلم و ستم کرنے سے نہ رو کا تودنیا تباہی و بربادی کے جہنم میں جاگرے گی۔ ایم این اے صائمہ ندیم،اسرائیل کی انسان دشمنی کھل کر سامنے آ گئی، معصوم بچوں پر گولیاں برسانے والے نفرت کے قابل ہیں۔ایم این اے صائمہ ندیم کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی شہید بچے پوری انسانیت سے انصاف کاسوال کررہے ہیں۔جو لوگ فلسطینی عورتوں، بچوں،نمازیوں اورآبادی پر بم برسارہے ہیں وہ انسان نہیں ہے اور وہ امن کے سب سے بڑے دشمن ہیں،ظالم اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے جو پوری امت مسلمہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے، فلسطین کے مسلمانوں کو اسرائیل کے ظلم و ستم سے بچانے کے لئے عالم اسلام اور مسلم ریاستیں متحد و متفق با عمل پائیدار و مستقل بنیادوں پر لائحہ عمل بنائیں ایم این اے صائمہ ندیم۔ فلسطینی مسلمانوں کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے،شہری آبادی پر حملہ کر کے بے گناہ افراد اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانا جنگی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے جس پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ ایمان کی دولت سے مالا مال فلسطینی غیرت و حمیت کا وہ پہاڑ ہیں جن سے ٹکرانے والا پاش پاش ہو کر رہے گا۔اسرائیل تمام عالمی قوانین کو پاؤں تلے روند کرفلسطین میں آگ اورخون کاوحشیانہ کھیل کھیل رہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ہم سب ہمیشہ فلسطین کی آزادی کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔