
کراچی (رپورٹ طاہر تنولی ) ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے کے باعث کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈائون،45گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے۔بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہونے سے سخت گرمی میں کراچی کے شہری بلبلا اٹھے۔کئی گھنٹوں بعد کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی ٹرانسمیشن لائن بحال کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہو گئی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔کراچی شہر کے جن علاقوں میں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے ان میں نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، یوپی موڑ، سر سید ٹائون، گلبرگ بھی شامل ہیں۔
لیاری، کھارادر، نیا آباد، کھڈا مارکیٹ، گلستانِ جوہر، محکمہ موسمیات اسکیم33سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہوئی ہے۔ڈیفنس فیز ون،5،6اور8،کلفٹن بلاک5،گلستانِ جوہر بلاک14،18 اور19، ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی، رفاہِ عام، لیاقت آباد سی ون ایریا میں دوپہر12سے بجلی معطل رہی۔کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کی220کے وی کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی ہے، ٹرپنگ کی وجہ سے منسلک گرڈ پر بجلی کی فراہمی میں اثر آیا ہے۔
کے الیکٹرک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ اسٹیشن سے آنے والی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہوئی ہے، جس کی وجہ سے جامشورو سے کراچی لنک ہونے والی لائن میں ٹرپنگ ہوئی ہے۔کے الیکٹرک کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث45گرڈ متاثر ہوئے ہیں، گرڈ بند ہونے سے سسٹم میں ایک ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی ہوئی ہے۔پاور ڈویژن کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کہ کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی ٹرانسمیشن لائن بحال کر دی ہے۔ادھر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے ایم ڈی محمد ایوب نے بتایا کہ کراچی کو400 میگا واٹ بجلی بحال کر دی ہے۔

نوائے بروج میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔