بھاری ٹیرف، اوور بلنگ سے اربوں روپے کمائے جا رہے ہیںنظام کی توسیع، بہتری کیلئے کام نہیں کیا جارہا ہے

کراچی( رپورٹ طاہر تنولی ) ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ کے الیکٹرک آج بھی 20ویں صدی کے فرسودہ نظام سے بجلی کی ترسیل کا نظام چلا رہی ہے جو قابل مذمت ہے، اس کے بر عکس کے الیکٹرک بھاری ٹیرف اور زائد بلنگ کے زریعے اربوں روپے کما رہی ہے لیکن نظام کی تو سیع اور بہتری کیلئے کوئی کام نہیں کر رہی۔

کراچی میں ایک ہفتے کے دوران2مر تبہ بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن پر کے الیکٹرک کی کارکردگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اراکین قومی اسمبلی نے اپنے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ شدید گرمی، حبس یا بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر جاتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ فالٹ اور لوڈ شیڈنگ کے نام پر علاقوں کی بجلی کئی کئی گھنٹے بند رکھی جاتی ہے۔

کے الیکٹرک جو خطیر رقم جمع کر رہی ہے۔ وہ اعلیٰ افسران کی بھاری تنخواہوں اور مراعات پر خرچ کر رہی ہے یا پھر کے الیکٹرک کے کرتا دھرتاؤں کی جیبوں میں جا رہا ہے۔اراکین قومی اسمبلی نے وزیر اعظم پاکستان، وزیر توانائی اور نیپر اسے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا قبلہ درست کیا جائے اور اسکی کارکردگی کو 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ کراچی کے شہری اس اذیت ناک زندگی سے نجات حاصل کر سکیں۔

Leave a Reply