کراچی (بیورورپورٹ)وزیراعظم عمران خان کی 2013 تا 2018 تک سرکاری مراعات کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے 79 سالہ بزرگ شہری بغیر تیاری سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا۔عدالت نے شہری کو دوبارہ تیاری کرنے کی ہدایت کردی۔عبدالسلام ایڈووکیٹ نے بزرگ شہری کی معاونت کی حامی بھر لی۔
سندھ ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی 2013 سے 2018 تک سرکاری مراعات کی معلومات کے حصول سے متعلق 79 سالہ بزرگ شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی، شیر محمد چشتی نے کہا بطور شہری عمران خان سے متعلق معلومات حاصل کرنا میرا حق ہے، جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کرتے ہوئے کہا آپ کو کون سی معلومات چاہیں؟
شہری نے کہا مجھے عمران خان کو دی جانے والی مراعات کی معلومات چاہیں، عدالت نے کہا آپ تیاری کے بغیر وزیراعظم کی تنخواہ کی معلومات چاہتے ہیں،
کسی سینئر وکیل سے رہنمائی لیں، تیاری ہوگی تو سنیں گے، عدالت نے شہری کو دوبارہ تیاری کرنے کی ہدایت کردی، اسی دوران عبدالسلام ایڈووکیٹ نے بزرگ شہری کی معاونت کی حامی بھر لی، عدالت نے عبدالسلام ایڈووکیٹ کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 جون تک ملتوی کردی۔