
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما طاہر ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں اور مثبت پالیسیوں کی بدولت آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور انکی ٹیم کی انتھک محنت اور کوششوں کی بدولت معیشت پروان چڑھ رہی ہے۔ کورونا وائرس کی صورتحال میں جہاں
دنیا بھر کے ممالک معاشی پستی کا شکار ہیں وہیں پاکستان کا معاشی نظام بہتر ہونے کا کریڈٹ پی ٹی آئی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری برائے وزارت مذہبی امور آفتاب جہانگیر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک طرف ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں تو دوسری جانب اپوزیشن میں بیٹھے ملک دشمن عناصر اور ملکی ترقی میں رکاوٹ بننے والوں سے جنگ بھی کررہے ہیں۔ جو آج اپوزیشن میں بیٹھے ہیں وہی ماضی میں تین دہائیوں سے ملک پر حکمرانی کرتے آئے ہیں۔ماضی کے حکمرانوں نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کو قرضوں کے بوجھ تلے دبایا ہے۔
یہی وہ عناصر ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوام مفاد پر اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور انکے سپاہی ان ملک دشمن اور مفاد پرست ٹولے کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بن کر سامنے کھڑے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا۔