کراچی ) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ عملے کی ویکسین نہ کرانے والی صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ تمام اضلاع میں ٹارگیٹڈ پولیو کوریج کو ہر صورت میں ممکن بنایا جائے،کرونا کی چوتھی لہر کا خطرہ ہے، جلد سے جلد ویکسین کا دائرہ بڑھایا جائے۔ ویکسین کے مرحلے میں میڈیکل اور پیرا میڈیکل فائنل ایئر کے طلبہ کی مدد لی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو صوبے بھر میں انسداد پولیو مہم اورکرونا ویکسین صورتحال پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت کاظم جتوئی، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت قاسم سومرو، ای او سی کوآرڈینیٹر فیاض عباسی اور صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ بچوں کی غیر موجودگی کی نشاندہی کی صورت میں پولیوکی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے، تمام اضلاع کرونا ویکسین کے عمل کو تیزکریں، اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرزکے ساتھ رابطے میں رہیں۔

صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ انڈسٹریزکو بتایا جائے کہ ممکنہ چوتھی لہرکی صورت میں دوبارہ لاک ڈائون سے بچنے کیلئے اپنے ورکرزکو ویکسین کرالیںکیونکہ عملے کی ویکسین کرانے والی فیکٹریز کو ہی چلنے کی اجازت ہوگی۔ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ کرونا ویکسین کی سہولت کیلئے نادرا سینٹرز پر بھی انتظامات کئے جائیں تا کہ ویکسین کی زیادہ سے زیادہ کوریج ہوسکے۔ معمولات زندگی بحال رکھنے کیلئے ویکسی نیشن لازمی ہے، جن اضلاع میں ویکسی نیشن ٹارگٹ کو پورا نہیں کیا جائیگا وہاں کے افسران کیخلاف کارروائی ہوگی۔

Leave a Reply