اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کے ضمناتی تھے، کاش یہ انھیں واپس آنے کا کہتے، نواز شریف تین بار ملک کے وزیراعظم رہے، وہ واپس آئیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے غریب لوگوں کے لیے کینسر ہسپتال بنایا۔ 2013ء میں جب وہ سٹیج سے گرے تو انہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا، برطانیہ سے علاج کی آفر ہوئی لیکن انہوں نے انکار کیا۔ تین دفعہ وفاق میں حکومت کرنے کے بعد کاش مسلم لیگ (ن) کی قیادت ایک ہسپتال اپنے علاج کے لیے ہی بنا لیتے، کاش ایک ہسپتال ایسا بنا ہوتا جس پر نواز شریف کو یقین ہوتا۔اسد عمر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے ہمیں دوسری بار دو تہائی اکثریت دی۔ ووٹ کی عزت کا نعرہ لگانے والے خیبر پختونخوا کے عوام کے ووٹ کو عزت دیں۔ کہتے ہیں اگر ہمیں خیبر پختونخوا دیا ہوتا تو تقدیر بدل دیتے۔ مسلم لیگ (ن)، اے این پی، جے یو آئی اور جماعت اسلامی کی بھی وہاں حکومت رہی ہے۔ ان کو خیبر پختونخوا میں موقع ملا لیکن کچھ نہ کر سکے۔