کراچی : اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو سندھ کی تباہی کا جواب دیں۔ سندھ میں صرف کتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ عوام کو کتوں کے حوالے کردیا گیا۔ سندھ کے حکمران اے سی سے باہر نکلیں تو انہیں عوام کی مشکلات کا احساس ہو۔ سینٹرل جیل اے ٹی سی عدالت میں حلیم عادل شیخ کیخلاف دہشتگردی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے اے ٹی سی سے کیس سیشن عدالت منتقل کرنے کے لیے درخواست دائر کی۔ عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے12 جولائی کو جواب طلب کیا۔ عدالت سے حلیم عادل شیخ نے درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں نہیں ہوسکتی۔
اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے کے مطابق کیس سیشن منتقل کیا جائے۔ بعد ازاں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو صوبہ سندھ کی تباہی کا جواب دیں۔ منشیات کے خلاف ہم نے ایک مہم شروع کی ہے۔ منشیات کے سدباب کیلئے کوشش کریں گے۔ منشیات یہاں ایک کاروبار بن گیا ہے۔
اپوزیشن اتنی گھٹیا ہو چکی ہے کہ غلط الزام لگاتی ہے۔ منشیات کے جو بھی سپورٹرز ہیں انکے خلاف کارروائیاں ہونی چاہئیں۔ پانچ کروڑ روپے سفری سہولیات کیلئے دئے جا رہے ہیں۔ نوید قمر کے بھائی کیلئے سہولیات دی جارہی ہیں۔ ہم ان چوروں اور لٹیروں کو چھوڑیں گے نہیں۔