کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما طاہر ملک نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ہٹ دھرمی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ چیف جسٹس آف پاکستان کے ایس بی سی اے کے خلاف نوٹس لینے کے باوجود ادارے میں رشوت خوری اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ طاہر ملک کا مزید کہنا تھا کہ ایس بی سی اے میں موجود کرپٹ عناصر نے شہر کو کنکریٹ کا جنگل بنا دیا ہے۔ اس وقت بھی شہر کے مختلف علاقوں میں رشوت کے عوض کثیر المنزلہ عمارتیں قائم کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس بی سی اے کے معاملے پر سندھ حکومت کی خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس لوٹ مار کے دھندے میں حکومت سندھ کی اہم شخصیات ملوث ہیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کو ہوا میں اڑانے والے ایس بی سی اے حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ طاہر ملک کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور ایس بی سی اے نے ملی بھگت سے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ رفاحی پلاٹس، پارکس اور میدانوں پر قبضہ کر کے انہیں لیز کر کے عوام کو بیچا جارہا ہے۔ آج سندھ حکومت اور ایس بی سی اے حکام کے کالے کرتوتوں کی سزا کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں۔ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ ان غیر قانونی تعمیرات کے اصل مجرموں کو پکڑ کر عوام کے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔

Leave a Reply