کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 5جولائی 2021 سے شروع ہونے والے نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔پہلے مرحلے میں دہم جماعت اور اس کے فوری بعد نہم جماعت کے امتحانات لئے جائیں گے۔ اس سال تقریباً 3لاکھ 50 ہزار امیدوار ان امتحانات میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سالانہ امتحانی فارم جمع کرانے کا سلسلہ 30جون تک جاری رہے گا اس کے بعد کوئی بھی فارم قابل قبول نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ ریگولر امیدواراور آن لائن امتحانی فارم جمع کرنے والے اسکولوں کو ایڈمٹ کارڈ بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ پرائیویٹ امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے رہائشی پتوں پر ارسال کئے جا رہے ہیں نہ ملنے کی صورت میں یکم جولائی کے بعد فیس چالان کی سلپ اور گزشتہ ایڈمٹ کارڈ کی کاپی کے ہمراہ بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن بلاک Aکمرہ نمبر5اور پرائیویٹ سائنس گروپ کیلئے کمرہ نمبر11سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اسکول سربراہان یا ان کے مجاز نمائندے امتحانی مراکز کاسامان بھی بورڈ آفس کے ایگزامینشن اسٹور سے شیڈول کے مطابق حاصل کر سکیں گے۔ شیڈول کے مطابق ابھی صرف نیو کراچی نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد کے امتحانی مراکز سامان حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد جلد ہی باقی ڈسٹرکٹ کا شیڈول بھی جاری کر دیا جائے گا۔

Leave a Reply