بجٹ پاس ہوگیا اب بلاول شرمندگی مٹانے کیلئے مگرمچھ کے آنسو بہا رہےہیں، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات

قومی اسمبلی ،بجٹ پر 93 گھنٹے بحث، سب کو موقع دیا،اپوزیشن کو 16 گھنٹے اضافی، کٹ موشنز کیلئے 16گھنٹے 10 منٹ صرف ہوئے
اسلام آباد ؛وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں بجٹ پر 93 گھنٹے بحث، اپوزیشن کو 16 گھنٹے اضافی، کٹ موشنز کے لئے 16گھنٹے 10 منٹ صرف ہوئے، سب کو بولنے کا موقع دیا گیا، ا ب جبکہ بجٹ پاس ہوگیا تو اب بلاول شرمندگی مٹانے کے لیے مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں ، ہمیں آئین اور قانون پر درس نہ دیں، ایوان کی تمام کارروائی ریکارڈ ہے،کوئی بھی غیر آئینی عمل نہیں ہوا، قومی اسمبلی کی روایات کی بات کرنے والے بلاول بھٹو سندھ اسمبلی کا بھی بتائیں، کیسے اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے بغیر ہی بجٹ پاس کرایا گیا۔ منگل کو وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل اور ٹویٹس میں کہا کہ اگر کسی صوبے میں غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر بجٹ پاس کرایا گیا ہے تو وہ سندھ کا صوبہ ہے،بلاول آپ کے نانا ذوالفقار علی بھٹو 4مرتبہ اور پیپلزپارٹی 4مرتبہ اور ن لیگ 3مرتبہ آئی ایم ایف کے پاس گئے، الزام لگانے سے پہلے تحقیق ضرور کر لیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 8اراکین کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی، سندھ اسمبلی میں بھی سب کو اظہار رائے کی اجازت دینا آئینی حق تھا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ اکثریت سے فنانس بل منظور کرانے پر حکومتی اور اتحادی اراکین اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ اسمبلی میں بجٹ پاس کرانے کے لئے غیر آئینی اقدامات کو بھی بے نقاب کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کے اپوزیشن لیڈر پر الزامات سنجیدہ ہیں،اپوزیشن لیڈر ، ن لیگ ہی وضاحت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ حکومت کو 1900ارب این ایف سی ایوارڈ کی مد میں دیئے،اسکا حساب دیں، پیپلزپارٹی کو صرف اپنی کمیشن اور کک بیکس کا فکر ہے، انھیں بجٹ، عوامی مسائل،ریلیف سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مالی سال 2021-22بجٹ پر ریکارڈ ٹوٹل 93 گھنٹہ بحث ہوئی، حکومت اور اپوزیشن کے 244 اراکین اسمبلی نے حصہ لیا، اس میں کٹ موشنز اور گرانٹس پر 16 گھنٹہ 10منٹ بحث ہوئی،اپوزیشن ممبروں کو بجٹ پر بحث کے لئے اضافی 16 گھنٹے پانچ منٹ دیئے گئے، سینیٹ کی سفارشات پر ایک گھنٹہ بیس منٹ استعمال ہوئے۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان طویل مدتی معاہدوں پر 70 فیصد ایل این جی خریدتا ہے،مسلم لیگ ن نے برینٹ پرائس کے 13.7 فیصد جبکہ پی ٹی آئی نے 10.2 فیصد پر LNG حاصل کر رہا ہے، باقی 30 فیصد ایل این جی سپاٹ پرائس پر خریدی جاتی ہے، گذشتہ روز حماد اظہر نے مفتاح اسماعیل کو جھوٹا ثابت کر دیا،اس شرمندگی سےتوجہ ہٹانے کیلئے شاہد خاقان عباسی کوشش کر رہے تھے۔اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ قومی اسمبلی میں حکومتی اراکین اور تمام اتحادیوں کے شکر گزار ہیں،جنہوں نے عوامی بجٹ کو اکثریت کیساتھ پاس کردیا۔ بجٹ پاس نہ ہونے کی دعوے دار اپوزیشن کے اپنے اراکین اسمبلی سے غیر حاضر تھے،ان کی مزاحمت اور مخالفت کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔