وہاں جاکر پی پی چیئرمین کہیںگے ہمیں حکومت میں لائیں سب کرنے کو تیار ہیں وزیراعلیٰ نے کیا گل کھلائے سب جانتے ہیں، معاون وزیراعظم، حلیم عادل کے گھر پر گفتگو

کراچی : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے کہ بلاول بھٹو سی وی لے کر واشنگٹن جارہے ہیں، وہاں جاکرکہیں گے کہ ہمیں حکومت میں لائیں ہم سب کرنے کو تیار ہیں۔ ہم کسی کی بیماری اور موت پر سیاست نہیںکریںگے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کیا گل کھلائے سب جانتے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے ساتھ جو ہورہا ہے وہ سب دیکھ رہے ہیں۔ حلیم عادل شیخ انکے خلاف بولتا رہے گا۔ ہفتے کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹرشہباز گل نے کہا کہ بلاول واشنگٹن میں، میں ہوں نا کی شوٹنگ کرنے جا رہے ہیں۔

نوکری کی عرضی لے کر امریکا جانے کا مقصد وہ پیپلزپارٹی کو حکومت میں لانے کا کہیںگے۔ بلاول اب ملکی سیاست اور عوام بدل چکی ہے، اب عمران خان ہے ایسی ڈیلیں نہیں ہونے دیںگے۔ ایک بچہ جوکھیل کود رہا تھا اچانک والدہ کی شہادت کے بعد اچانک ایک پرچی نکلی اور اسکے اندر پرچی چیئرمین نکلا، سارا ٹبر شہنشاہ بنا ہوا ہے، پرچی چیئرمین نے پاکستان میں ہر جگہ اپنی سی وی دی۔ سی وی پر صرف صفر لکھا ہوا ہے۔ کبھی کوئی محنت نہیںکی، ایک گھنٹے کا کام نہیںکیا اور چلے ہیں وزیراعظم بننے۔ کونڈو لیزا رائس نے ڈرون حملوں کیلئے مشرف اور محترمہ کی ڈیل کرائی۔ وجہ امریکا کے مفاد کا سودا تھی۔ اس ڈیل کا نتیجہ یہ نکلا کے340ڈرون اٹیک ہوئے۔ مشرف کے دور میں13ڈرون اٹیک ہوئے۔ مسلم بیگ (ن) کے زمانے میں61حملے ہوئے۔ وکی لیکس میں واضح ہے حملے کیوں ہوئے، اس کو بھی کسی نے چیلنج نہیںکیا۔

محترمہ اور مشرف کے درمیان ڈرون اٹیکس پر ڈیل ہوئی۔ ریمنڈ بیکر کی کتاب بتاتی ہے یہ معاہدے کیوں کئے گئے، اپنا گندہ پیسہ بچانے کیلئے اور مالکان کو خوش کرنے کیلئے سب کیا گیا ، ہم امن کیلئے سب کے ساتھ ہیں۔ افغانستان میں امن کا فائدہ پاکستان کو ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سے جو کیا گیا اسکی مذمت کرتے ہیں۔ یہاں بجٹ پاس جلدی میں کرایا گیا۔ انہیں حلیم عادل شیخ سے تکلیف ہے۔ ارکان کو اسمبلی میں جانے سے روکا گیا۔

کسی اپوزیشن رکن کو کمیٹی میں چیئرمین یا ممبر نہیں بناتے ہیں، میں مطالبہ کروںگا کہ وفاق میں پی پی کے چیئرمین سمیت تمام لوگوںکوکمیٹیوں سے نکالا جائے۔ انہیں پتہ لگ جائیگاکہ سندھ کوکیسے چلانا ہے۔ ڈاکٹرشہباز گل نے کہا کہ خورشید شاہ صاحب کے علاوہ کوئی اندر نہیں ہے۔ بلاول کو کسی نے ابھی پوچھا نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کیا گل کھلائے سب جانتے ہیں۔ ایک ڈاکٹر نے نالوں پر قبضے کرلئے میڈیکل کے لائسنس جاری کردئے۔ یہاں شراب کو شہد بنادیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر کو جیل میں ڈالنے سے خوش ہوتے ہیں تو پی پی شوق پورا کرے۔ سندھ حکومت کے اپنے ادارے موجود ہیں۔

پی پی کا ایک عہدیدار یہاں عدلیہ کو دھمکیاں دے رہا تھا آج عدالت میں پاؤں پکڑ رہا ہے۔ حلیم عادل شیخ انکے خلاف بولتا رہے گا۔ لندن میں ایک مطلوب شخص بیٹھا ہے، جس نے دہشتگردی کرائی اس کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ ہمارے ہاںکوئی بات ہوتی ہے تو اچھلتے ہیں۔ وزیراعظم نے اسمبلی فلور پر بیان دیا ہے۔ ہم نے70ہزار جوان اور سویلین شہید کرادئے، ہم کسی سے زیادتی یا حملہ کرنے والی قوم نہیں، ہر صورت ہم ہر ایک کے خلاف ایکشن چاہتے ہیں۔

پورے ملک میں صحت کارڈ مل رہے ہیں لیکن سندھ میں یہ کارڈ نہیں دے رہے۔ پیپلزپارٹی لاشوں اور بیماریوں کی سیاست کرتی ہے، آصف علی زرداری کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ این ایف سی کوئی بھی کم نہیں دے سکتا، کوئی بھی ایک پیسہ نہیں روک سکتا۔ یہ کیش مانگتے ہیں وہ ہم نہیں دیںگے، میڈیا کے بقایا جات ادا کردئے ہیں، اب مالکان ورکرز کو تنخواہیں بھی ادا کریں۔

Leave a Reply