دیگر چیزوںکی طرح سی این جی پر بھی وفاقی حکومت سبسڈی دے، اویس قادر شاہ
قیمت میں17روپے کلوگرام اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے، سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب

کراچی؛صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے وفاقی حکومت سے سی این جی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے سندھ میں سی این جی مہنگی کرنے پر پی ٹی آئی حکومت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر چیزوںکی طرح سی این جی پر بھی وفاق سبسڈی دے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پہلے گیس کی فراہمی معطل کی پھر سندھ میں سی این جی17 روپے مہنگی کردی۔ نااہل حکومتی فیصلوں سے سی این جی اور صنعتی سیکٹر میں بھی بندش اور ہزاروں ملازمین کے بیروزگار ہونے کا خدشہ سر اٹھارہا ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے سوال کرتے ہوئے کہاکہ اس اضافے سے کیا کرائے اور مہنگائی میں اضافہ نہیں ہوگا؟، کیوں چپ ہیں انکے سارے ارسطو خان اور معیشت دان جنہیں سب اچھا نظر آتا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سی این جی کی قیمت میں اضافے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی این جی کی قیمت میں17روپے کلو گرام کا اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے کیونکہ سی این جی کا استعمال غریب اور متوسط طبقہ زیادہ کرتاہے۔
کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں سی این جی بطور ایندھن زیادہ استعمال ہوتی ہے، وفاقی حکومت قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کرکے اچانک نرخ بڑھا دیتی ہے۔اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیںکررہی ہیں اور اب یہ ظلم بھی کردیا ہے، اس نااہل سلیکٹیڈ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ ملک میں صرف مہنگائی کا سونامی جوش مار رہاہے، سی این جی کی قیمت میں اضافہ سے عوام براہ راست متاثر ہوںگے۔