ملتان میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والے وزیر اعلیٰ کے سرکاری طیارے میں بلاول کے ساتھ کون سوار تھا؟

سندھ میں منتخب وغیرمنتخب افراد سیاسی پروگراموں میں سرکاری فنڈ کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں

کراچی؛وزیراعلیٰ سندھ کا طیارہ کس نے استعمال کیا؟ ملتان میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والے وزیر اعلیٰ کے سرکاری طیارے میں بلاول زرداری کے ساتھ کون سوار تھا؟ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے ایئرپورٹ انتظامیہ کو مکتوب لکھ دیا ہے۔ مکتوب سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل ہیڈکوارٹرز سول ایوی ایشن اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے نام پر لکھا گیا ہے جبکہ خط کی کاپی وزیراعظم اور گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری کو بھی ارسال کی گئی۔

حلیم عادل شیخ نے اپنے مکتوب میں پوچھا ہے جہاز میں کون لوگ سوار تھے ؟ ان کی تفصیلات دی جائیں۔ مکتوب میں حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ طیارہ وزیراعلیٰ کے زیر استعمال ہے۔ عوام کے ٹیکس پر اس طیارے پر خرچ کیا جاتا ہے۔ میرا حق ہے کہ اس حوالے سے میں معلومات حاصل کروں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سندھ میں منتخب وغیرمنتخب افراد سیاسی پروگراموں میں سرکاری فنڈ کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کا سرکاری جہاز بھی پارٹی پروگراموں کے لئے استمعال کیا جاتا ہے۔

حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری سندھ عوام کو بتائیں کس قانون کے تحت وزیر اعلیٰ سندھ کا سرکاری طیارہ کسی سیاسی شخصیت کو استعمال کرنے دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ ملک سے باہر ہیں لیکن ان کی غیر موجودگی میں بھی طیارہ استعمال کیا جارہا ہے اس سے قبل بھی میڈیا میں رپورٹس آچکی ہیں سرکاری طیارہ سیاسی پروگراموں میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ سندھ میں عوام کے فنڈز کو مال غنیمت سمجھ کر دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تھر میں غریب پر امن احتجاج کرنے والے مزدوروں کو تشدد کا نشانا بنایا جارہا ہے۔ دودو بھیل کے اصل قاتلوں کے گرفتار کرنے کے بجائے پولیس صحافیوں اور پر امن مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے جس کی شدید مزمت کرتے ہیں۔

Leave a Reply