اساتذہ کے تبادلے و تقرری کیلئے انہیں دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی
سندھ کابینہ سے منظور شدہ ای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز ہوگیا

کراچی؛وزیرتعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے محکمہ ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ میں اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتی کیلئے سندھ کابینہ سے منظور شدہ ای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی تحسین فاطمہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سید محمد فرخ وارثی، پرویز علی تونیو اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نےکہا ہے کہ سندھ اسکولز انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم (SSIMS)کا افتتاح کرتے ہوئے اسے ایک انقلابی اقدام قرار دیا۔ اس موقع پر انہوںنے کہاکہ ای پورٹل پالیسی کے تحت اب اساتذہ کے تبادلے و تقرری کیلئے انہیں دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ ای پورٹل کے ذریعے اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر اپنی درخواستیں دے سکیںگے۔
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نےکہا ہے کہکووڈ کے باعث اس سال اس پالیسی کا آغاز6جولائی سے کیا گیا ہے جبکہ آئندہ سال سے یہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہوگا اور ہر سال15روز کیلئے اس پالیسی کے تحت اساتذہ اپنا تبادلہ کرا سکیںگے۔ اس پالیسی کے تحت تین زونز بنائے گئے ہیں۔ ایک ریڈ زون، دوسرا گرین اور تیسرا یلو (پیلا) زون ہوگا۔ صرف ریڈ زون کے اساتذہ ہی اپنا تبادلہ گرین زون میں کراسکیں گے جس کی وجہ ریڈ زون میں اساتذہ طلبہ کے مقررکردہ تناسب سے زیادہ ہوناہے۔
وزیر تعلیم و محنت سندھسعید غنی نے کہا ہے کہ یلو (پیلا)زون میں اساتذہ مقررکردہ تناسب کے تحت ہوںگے اور وہاں سے وہ ریڈ زون میں نہیں جاسکیںگے البتہ وہ گرین زون میں اس وقت جا سکتے ہیں جب ریڈ زون سے اساتذہ اس زون میں اپنا تبادلہ کرائیںگے اور یہاں پر تعداد مقررکردہ تناسب سے زیادہ ہوجائے جبکہ گرین زون میں اساتذہ کی تعداد مقرر شدہ تناسب سے کم ہے اس لئے ریڈ زون والے اساتذہ اس زون میں باآسانی اپنا تبادلہ کرا سکیںگے۔
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اساتذہ کے تبادلہ ہر سال تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہوںگے، اس کیلئے مقررکردہ وقت15یوم ہوگا، اسکے بعد پورا سال اسکا تبادلہ نہیں ہو سکے گا، البتہ ریڈ زون کے اساتذہ کا تبادلہ گرین زون میں پورے سال کے دوران کیا جاسکتا ہے ،اساتذہssims.sindheducation.gov.pk کے لنک کو استعمال کر کے اس پر اپنا اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں اور اس کے ذریعے اپنی درخواستیں بھیج سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ اس پالیسی کی سندھ کابینہ سے منظوری کے بعد اسکو نافذ کیا جارہاہے، اس پالیسی سے اب جہاں اساتذہ کو اپنے تبادلوں اور تقررکیلئے دفاترکے چکر لگانے سے راحت ملے گی وہاں ان اسکولز میں جہاں اساتذہ کی کمی ہے وہاں پر اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جا سکے گا۔ تعلیمی سال سے قبل تبادلہ کی درخواستیں طلب کرنے کا مقصد دوران تعلیمی سال بچوںکو استاد کے تبادلہ کے باعث پڑھائی میں پڑنے والے خلل سے نجات دلاناہے۔