بہت سارے قبضے ختم، لاکھوں ایکڑ زمین وا گزار کرائی،، جو علاقے رہ گئے ہیں، وہاں بھی آپریشن ہوگا
ایشو بنایا جارہا ہے،کراچی سمیت صوبے میں ایڈمنسٹریٹر ہم لگاسکتے ہیں،صوبائی وزیر اطلاعات

سکھر؛ صوبائی وزیر اطلاعات و جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایک نان ایشو کو ایشو بنایا جارہا ہے، کراچی سمیت پورے صوبے میں کارپوریشن، ڈسٹرکٹ کونسل کے ایڈمنسٹریٹر ہم لگاسکتے ہیں،پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، جرنلسٹس پروٹیکشن بل پاس کرایا،گورنر نے اس بل پر اعتراض لگایا اور اب گورنر کو مرتضیٰ وہاب پر بھی اعتراض ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بہت سارے قبضے ختم کرادیے گئے ہیں، لاکھوں ایکڑ زمین وا گزار کرائی گئی ہے، درخت لگارہے ہیں، بہت زیادہ پیش رفت ہوئی ہے، جو علاقے رہ گئے ہیں، وہاں آپریشن ہوگا،، روینیو اور اریگیشن کے افسران نے جو لیز دے رکھی تھی وہاں بھی قبضے ختم کرائے ہیں،عدالتوں کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے سپورٹ کی، عدالتی احکامات کی وجہ سے زمینوں کو خالی کرانے میں آسانی ہوئی، قابضین روینیو کی زمین دکھاکر آرڈرز لے آتے تھے جن کی وجہ سے مشکلات ہوتی تھیں۔
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، بلاول بھٹو، وزیر اعلیٰ سندھ اور کابینہ فیصلے کرتی ہے،کراچی سمیت پورے صوبے میں کارپوریشن، ڈسٹرکٹ کونسل کے ایڈمنسٹریٹر ہم لگاسکتے ہیں، اس پر کوئی پابندی، قدغن نہیں، پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت دو سال باقی تھی، انہیں گھر بھیج دیا گیا،گورنر وفاق کے نمائندے نہیں، ہمارے نمائندے ہیں، سندھ سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں وفاقی حکومت کو سمجھانا چاہیے کہ پنجاب میں اس طرح کی حرکات نہ کریں،
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب بہت اچھی شخصیت کے مالک ہیں، پڑھے لکھے انسان ہیں،بے داغ ماضی اور ایماندار ہیں، اردو اسپیکنگ سندھی ہے، کراچی سے تعلق رکھتا ہے، تاہم گورنر کو یہ بات بری لگتی ہے کہ وہ حق کی بات کرتا ہے