مگر مچھ کا ماں بیٹی پر حملہ ،ماں نے بھاگ کر جان بچائی،وائلڈ لائف کا عملہ غائب
ناراکینال میں بڑی تعداد میں مگر مچھ آئے دن پانی سے نکل کرحملہ کرتے ہیں، مکینوں کی شکایت
سکھر:صالح پٹ میں مگر مچھ نے ماں بیٹی پر حملہ کر دیا، ماں نے بھاگ کر جان بچائی، مگر مچھ بچی کو کھینچ کر نہر میں لے گیا، گھر میں کہرام، واقعہ کی اطلاع کے باوجود وائلڈ لائف یا انتظامیہ کا کوئی اہلکار جائے وقوع پر نہیں پہنچا سکا۔
تفصیلات کے مطابق ناراکینال کی آرڈ ی 115 کے گائوں بارگاہ میں مہر برادری کے ایک شخص الہوسایو کی بیوی اپنی 4 سالہ بیٹی سعیدہ کو ناراکینال پر نہلا رہی تھی کہ اچانک نہر میں پائے جانے والے ایک مگر مچھ نے اس پر اچانک حملہ کردیا۔
مگر مچھ کے غیر متوقع حملے سے خاتون نے تو بھاگ کر جان بچائی لیکن مگر مچھ 4 سالہ بچی سعیدہ کو اپنے ساتھ کھینچ کر پانی میں لے گیا۔
واقعہ پر بچی کے گھر میں کہرام مچ گیا اور والدین شدت غم سے نڈھال ہیں، علاقہ مکینوں کے مطابق خاتون اور بچی پر حملہ کرنے والا مگر مچھ 16 فٹ لمبا تھا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ناراکینال میں بڑی تعداد میں مگر مچھ پائے جاتے ہیں جو آئے دن پانی سے نکل کر قریبی آبادیوں پر حملہ کرتے ہیں اور لوگوں کو زخمی کردیتے ہیں۔