ملوث بد مست پولیس افسر اور اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے ورنہ سخت احتجاج کیا جائیگا

کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے سینئر رکن اور معروف صحافی احتشام مفتی پر نیو کراچی میں پولیس تشدد کی کے یو جے نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی سے مطالبہ ہوا ہے کہ تشدد میں ملوث بد مست پولیس افسر اور اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔
کے یو جے کے صدر ، جنرل سیکریٹری اور ایگزیکٹو کونسل کے تمام ارکان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ روزنامہ ایکسپریس سے وابستہ سینئر صحافی کے یو جے اور کراچی پریس کلب کے سینئر رکن احتشام مفتی اپنے ڈرائیور کے ہمراہ نیو کراچی میں سفر کر رہے تھے کہ بلال کالونی تھانہ کے بد مست اے ایس آئی دل نواز نے رکنے کا اشارہ کیا اور آگے چل کر جونہی ڈرائیور نے گاڑی روکی تو اے ایس آئی دل نواز اور اہلکاروں نے احتشام مفتی اور ڈرائیور پر تشدد کرنا شروع کردیا اور ان کو بلال کالونی تھانہ لے گئے۔
سینئر صحافی کی جانب سے تعارف کرانے کے باوجود ملوث بد مست پولیس افسر اور اہلکار ان پر تشدد اور بدتمیزی کرتی رہی۔
کے یو جے نے اس واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بدمست پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی نہیں ہوئی تو کے یو جے کی جانب سے پولیس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
کے یو جے نے حکومت سندھ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں پولیس کی جانب سے صحافیوں کے خلاف ہونے والی کاروائیوں پر نوٹس لیا جائے کیونکہ جب سے سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن بل منظور ہوا ہے تب سے تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جو نہایت افسوس ناک ہے۔