شہر میں ایک روز میں 2 لاکھ 11 ہزار لوگوں نے ویکسین لگوائی، عوام کی سہولت کیلئے250ویکسنیشن سینٹر بنا دئے گئے ہیں

مرتضیٰ وہاب کا فباٹی میں کرونا ویکسینیشن وینکا افتتاح، خطاب، ماہم کیساتھ درندگی کرنیوالے کو کڑی سزا ملنی چاہئے، ویڈیو بیان

کراچی:کراچی میں آج سے گھر گھر ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ موبائل ویکسینیشن وینکا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ لوگوں کی آسانی کے لئے کراچی میں 250 ویکسینیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں، اب ایکسپو سینٹر کے بعد 24 گھنٹے چلنے والے سینٹرز بنا دیئے گئے ہیں،

کراچی میں ایک روز میں 2 لاکھ 11 ہزار لوگوں نے ویکسین لگوائی جبکہ پہلے یہ تاثر تھا کہ ویکسین فائدہ مند نہیں ہے لیکن اب یہ تاثر ختم ہو رہا ہے، کراچی میں چوبیس گھنٹے کام کرنے والے مزید گیارہ ویکسی نیشن سینٹر بنا دئے ہیں۔ گلی محلوں میں موبائل ویکسی نیشن وینکا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے۔ہ

سوا دولاکھ یومیہ ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوان صنعت و تجارت ایف بی ایریا (فباٹی)میں کرونا وائرس ویکسینیشن وین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر فباٹی کے صدر محمد علی اور دیگر بھی موجود تھے۔یہ کرونا وائرس ویکسینیشن وین فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(فباٹی) سے منسلک مزدوروں کیلئے قائم کی گئی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون پر تنقید کرنے والے ڈاکٹروں سے ملیں، اسپتالوں میں جگہ کم پڑ رہی ہے، تین دن گزر گئے، بس پانچ دن رہ گئے ہیں، کرونا وبا کے سبب ذوالفقار علی بھٹوکی برسی کی تقاریب ملتوی کر دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا الیکشن ہم نے نہیں کرایا، جس نے کرایا وہ ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں سب سے پہلے لوگوں سے کہوں گا کہ ماسک پہنیں اور ماسک کو صحیح طرح سے پہنیں کیوں کہ یہ ضروری ہے، میں کل رات کئی علاقوں میں گیا وہاں عملہ موجود تھا اور ویکسینیشن ہو رہی تھی اور اب موبائل ویکسینیشن وین کی سہولت شروع کی جارہی ہے، صنعتی علاقوں میں یہ سہولت شروع کی جارہی ہے، ویکسین کی سپلائی میں کمی نہیں ہے اس لئے موبائل ویکسینیشن کا عمل شروع کیا گیا ہے،

لوگ اب بڑے پیمانے پر ویکسینیشن کرانے آرہے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ فباٹی نے ہمیں سہولت فراہم کی ہے جس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں تاکہ مزدوروں کی ویکسینیشن کا عمل مکمل ہو سکے، پہلے روزانہ 50 ہزار ویکسینیشن ہوتی تھیں اب 2 لاکھ سے زائد ویکسینیشن روزانہ ہورہی ہے، کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 87 فیصد وہ لوگ ہیں جنہوں نے ویکسینیشن نہیں کرائی، کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 13 فیصد ایسے لوگ ہیں جنہوں نے ویکسینیشن کرائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ مل کر کام کریں، ڈیلٹا ویو کو روکنے کیلئے لوگوں کو قائل کرنا ہوگا کہ ویکسینیشن ضروری ہے اور جو لوگ لاک ڈاؤن کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہ یہاں آکر ڈاکٹرز سے ملاقات کریں اسپتالوں میں جگہ کم پڑ رہی ہے۔

ایک سوال پر انکا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن پڑھ لیں صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے، ایکسپو سینٹر میں ہنگامہ آرائی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، ہم ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں گے،کل پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے قانون کی خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آیا اور ہم نے کوئی تفریق نہیں کی۔ دریں اثنا ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس نے ماہم کے ساتھ درندگی کرنے اور اس بچی کو قتل کرنے والے درندہ صفت انسان کو گرفتار کر لیا ہے۔

سفاک قاتل کا ڈی این اے ماہم کے ڈی این اے سے میچ کرگیا ہے اور قاتل نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی پولیس نے تندہی سے کام کرتے ہوئے اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا ہے اب یہ معاملہ عدالت میں چلے گا۔ انہوں نے درخواست کی ہے جس عدلیہ بھی اس سفاک قاتل کو کڑی سے کڑی سزا دے۔

Leave a Reply