اسلام آباد ؛ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام ادارے خود مختار اور آئین کے مطابق کام کر رہے ہیں۔شہباِز شریف اگر سچے ہیں تو خود کو نیب کے سامنے پیش کرنے سے ڈر کیوں رہے ہیں؟ اگر شہباز شریف سچے ہیں تو خود کو احتساب کیلئے پیش کریں۔جمعرا ت کو مریم اورنگزیب کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے اداروں پر دباو ڈالنے،منی لانڈرنگ اور کرپشن کی نئی داستانیں رقم کی ہیں۔ وزیر مملکت نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ آئین کی بالادستی اور طاقت ور اور کمزور کیلئے یکساں قانون کی بات کی ہے۔ عمران خان جب اقتدار میں نہیں تھے تب بھی خود کو احتساب کیلئے عدالتوں کے سامنے پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ شریف خاندان نے اداروں پر دباو ڈالنے،منی لانڈرنگ اور کرپشن کی نئی داستانیں رقم کی ہیں۔عمران خان نے اپنی منی ٹریل عدالت کے سامنے رکھی اور سپریم کورٹ سے صادق اور امین قرار پائے۔ فرخ حبیب نے کہاکہ ن لیگ صرف اپنی کرپشن چھپانے کیلئے شور مچا رہی ہے،ن لیگ کے دور میں کرپشن کا بازار گرم تھا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ جو جتنی کرپشن کرتا تھا اس کو اتنا ہی بڑا عہدہ دیا جاتا تھا،وزیر اعظم عمران خان نے کرپٹ مافیا سے ٹکر لی۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے مزید کہاکہ مسلم لیگ ن کے دور میں کئے گئے مہنگے معاہدوں کا خمیازہ عوام آج تک بھگت رہے ہیں۔