اہلیان کشمیر سے دھوکہ نوآبادکاروں کے استحصال کی بدترین مثال ہے، ہر سطح پر مزاحمت کرینگے
پاکستان کشمیر بندھن برقرار رہے گا، رحیم یار خان مندر میں تخریب کاری قابل مذمت ہے، بیان
کراچی ؛ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مودی کی کشمیریوں کو یرغمال رکھنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ کشمیر کا الحاق اور اہلیان کشمیر سے دھوکہ نوآبادکاروں کی جانب سے استحصال کی ایک بدترین مثال ہے جس کی ہر قیمت اور ہر سطح پر مزاحمت کی جائیگی۔ یوم استحصال کشمیر پر اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں بلاول نے کہا ہے کہ پانچ اگست 2019 تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ اور اہم لمحے کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے ستمبر 1965 میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں کہا تھا کہ پاکستانی کشمیریوں کی ثقافت، جغرافیہ اور تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں اور یہ بندھن ہمیشہ برقرار رہے گا، تاریخ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، انشاء اللہ کشمیر کو جلد آزادی ملے گی۔ دریں اثناء چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی رحیم یار خان میں ہندو برادری کے مندر میں تخریب کاری کرنے والے عناصر کے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مذہبی رواداری ہمارے خطے کی روایتوں کا حصہ ہے، عدم برداشت کے مظاہرے ہماری تہذیب کے منافی ہیں، اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، جب انتہا پسند مندر پر حملے کررہے تھے تو انتظامیہ کہیں نظر نہیں آئی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہندو برادری کے افراد کو اپنی عبادت گاہ کی توہین سے نہ صرف ٹھیس پہنچی بلکہ عدم تحفظ کے احساس میں بھی اضافہ ہوا، ان کا کہنا ہے کہ اگر ہم ملک میں آباد چند فیصد اقلیتی برادری کو تحفظ کا احساس نہیں دے سکتے تو یہ اکثریتی آبادی کے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتہا پسندوں نے بھونگ میں مندر کو نقصان پہنچا کر قومی پرچم میں اقلیتوں کی نمائندگی کرتے سفید حصے کی بھی توہین کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دل دہلادینے والے افسوس ناک سانحے کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لاکر انہیں عبرت کا نشان بنائے۔