افسوس چند وائسرائے کی طرز کے خاندان پوری قوم کے وسائل پر ذاتی جاگیر سمجھ کر قابض ہو چکے ہیں
سندھ میں پی پی نے 13 سال میں تباہی کی نہ ختم ہونے والی داستانیں رقم کی ہیں، سربراہ پی ایس پی
کراچی ؛ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے پورے نہ ہوسکے۔
افسوس چند وائسرائے کی طرز کے خاندان پوری قوم کے وسائل پر ذاتی جاگیر سمجھ کر قابض ہو چکے ہیں۔بر صغیر کے مسلمانوں نے انگریزوں سے صرف زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ ایک ہی فلاحی ریاست کے قیام کے ذریعے حق خودارادیت، آزادی اظہار رائے اور انصاف کے نظام کو قائم کرنے کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔
ناعاقبت اندیش خاندان تمام قانون سازی قومی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھنے کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے کرتے رہے۔ اپنے ایک بیان میں مصطفی کمال نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی مثال سب کے سامنے ہے، 13 سال میں تباہی کی ایک نہ ختم ہونے والی داستان رقم کر دی گئی ہے
لیکن ملک میں کوئی عوام کا پرسان حال نہیں ہے۔ سندھ کے باسیوں سے بنیادی انسانی حقوق چھین کر انہیں ریاست سے منحرف کیا جا رہا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
پاک سرزمین پارٹی ان ہی مظالم کے خلاف وجود میں آئی ہے جو کراچی سے کشمور اور کشمور سے کشمیر تک نا صرف عوامی مسائل کا قابل عمل حل تجویز کر رہی ہے بلکہ اس کی قیادت عملی طور پر پاکستان کے سب سے بڑے اور دنیا کے 65 ممالک سے بڑے شہر کو بنا کر اور چلا کر دکھا چکی ہے۔
عاشور کے بعد ظالم حکمرانوں کے خلاف تحریک کا آغاز ہوگا اور عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے تو پورے ملک کو صحیح سمت میں گامزن کر دیں گے۔