کراچی ؛ (پاکستان پیپلزپارٹی) کے چیئرمین( بلاول بھٹو زرداری) نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، مملکت خداداد کو کوئی خطرہ نہیں،1973ء کا آئین ہمارا قومی لائحہ عمل ہے۔

74ویں یومِ آزادی کے موقع پر جاری پیغام میں پی پی چیئرمین نے کہاکہ آج کا دن ہمارے بزرگوںکی پرامن سیاسی جدوجہد کے بارآور ہونے کا دن اور انکے جمہوریت پسند ویژن کی علامت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کے دن اْن عوامل پر غور کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ74سال گزرنے کے بعد بھی ہمارے عوام آخرکیوں بنیادی سہولیات اور یکساں حقوق سے محروم ہیں، اور امتیازی برتاو، عدم انصاف اور غربت جیسی بیماریوں میں جکڑے ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کے قیام اور آئین کی پاسداری میں پنہاں ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اس سوچ اور نظریئے کا تسلسل ہے، جس کی بنیاد پر ہمارے بانی اجداد نے یہ عظیم ملک قائم کیا تھا۔پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور متحرک جمہوری ریاست بنانے کیلئے سرگرمِ ہے۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح اور انکے رفقا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، پاکستان جن کی جدوجہد اور قربانیوںکا ثمر ہے۔ انہوںنے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹوکو بھی خراج عقیدت پیش کیا

قائداعظم محمد علی جناح کی جمہوریت پسند و آئین پسند سوچ و فکرکی روشنی میں اس ملک کو حقیقی معنیٰ میں ایک جمہوری و مساوت پر مبنی ملک بنانے کیلئے جدوجہد کی اور اس کاز کی خاطر اپنی جانیں بھی قربان کردیں۔ یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ہر ایسی کوشش و سوچ کی مزاحمت کریںگے جو عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنی پسند و ناپسند کا فیصلہ کرنے میں رکاوٹ بنتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے تعصب، دہشت گردی اور انتہاپسندی کیلئے زمین تنگ کردیںگے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہاکہ جشن یوم آزادی کے موقع پر انہیں وہ کشمیری بھائی و بہنیں بھی یاد آرہے ہیں، جو اپنے حقِ خودارادیت کیلئے بربریت کا سامنا کررہے ہیں، انسانی تاریخ جس پر ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔کشمیریوںکی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میںکشمیرکی آزادی تک پاکستان پیپلز پارٹی ان کی حمایت جاری رکھے گی۔

Leave a Reply