
اسلام آباد : وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الحمداللہ! آج پاکستان تحریک انصاف حکومت کے تین سال مکمل ہوچکے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریاست مدینہ طرز پر فلاحی ریاست کے قیام کی طرف گامزن ہیں،
پہلی مرتبہ ملک گیر سطح پر بے سہارا اور پسے ہوئے طبقات کے پناہ گاہیں اور لنگر خانے قائم کیے گئے ہیں،ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثر کو کم کرنے کے لئے ہماری شجر کاری مہم اور اقدامات کا اعتراف دنیا کررہی ہے،
وزیراعظم عمران خان کی دور رس پالیسیوں اور دانشمندانہ فیصلوں سے ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے، تین سالوں کی انتھک محنت ، دن رات کام کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں،
پی ٹی آئی ، کسی بھی مرحلے میں اپوزیشن اور پی ڈی ایم کے احتجاج، دھرنوں، استعفوں اور دھمکیوں سے نہیں گھبرائی، کوویڈ 19 آنے سے لیکر اب تک حکومت کی کامیاب حکمت عملی سے پاکستان میں اس وبائ سے دنیا کی نسبت کم جانی نقصان ہوا،
اس وبائ سے نمٹنے کے لئے این سی او سی کے پلیٹ فارم سے مسلسل 500 دن صوبائی حکومتوں کے مربوط رابطوں ،مثالی تعاون کی بدولت کامیابیاں حاصل ہوئیں،ہمیں حکومت ملی تو ملک معاشی طور پر ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا،
عمران خان کی معاشی ٹیم کی محنت سے ہر سال جی ڈی پی میں بہتری لائے، گزشتہ مالی سال میں جی ڈی پی 4 فیصد تھی۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ لارجر اسکیل مینوفیکچرنگ نے14.3 فیصد گروتھ دکھائی،جس سے مجموعی طور پر شرح نمو میں اضافے میں مدد ملی،
آج ملکی برآمدات 25.3ارب ڈالر ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر ،برآمدات اور ترسیلات زر 3 سالوں کی بلند ترین سطح پر کھڑی ہیں،خدمات کے شعبے میں آئی ٹی نے دنیا میں اپنا بہتر مقام بنایا، پہلی مرتبہ آئی ٹی برآمدت2 ارب ڈالر سے زائد ہوئیں،
ترسیلات زر29.4 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے زرِ مبادلہ کے ذخائر جو 19-2018 میں 7 ارب ڈالر پر چلے گئے تھے اب 17ارب ڈالرسے زائد ہیں جو 4 سال کی بلند ترین سطح ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 13ہزارنوجوانوں میں 15ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی، پہلی مرتبہ 40 تا 60 لاکھ خاندانوں کو غربت سےاوپر اٹھانے کے لئے کامیاب پاکستان پروگرام شروع کیا گیا۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ان 3 سالوں کے دوران ایسے پروگرامز اور منصوبوں کا آغاز کیا جو71 سالہ تاریخ میں ممکن نہیں ہوسکے تھے۔