اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر جانب دار، آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان میں غیر ملکی صحافیوں کے انخلا کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب، سیکرٹری اطلاعات و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے وزیرِ اعظم عمران خان کو افغانستان میں موجود صحافیوں کے انخلاء کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات کے اقدامات اور غیر ملکی صحافیوں کی پاکستان آمد اور ان کو ویزہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر صحافیوں کی سہولت کے لئے وزارتِ اطلاعات میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے تاکہ موصول شدہ درخواستوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی صحافی برادری کی سہولت کی خاطر وزارت اطلاعات خصوصی ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں غیر جانب دار، آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ اولین ترجیح ہے۔