محکمہ ٹرانسپورٹ موٹر وہیکل رولز میں ترامیم کرے گا، کابینہ سے منظوری لی جائے گی، صوبے بھر میں 60 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلز ہیں، ماہانہ لاکھوں روپے چالان کی مد میں ملنے کا امکان ہے

کراچی () سندھ حکومت نے موٹر سائیکل چلانے والے شہریوں پر ایک اور جرمانہ لگانے کی تیاری کرلی ہے۔ موٹرسائیکل میں سائیڈ مرر نہ لگانے پر چالان کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ موٹروہیکل رولز میں ترامیم کرے گا، موٹر سائیکل میں سائیڈ مرر نہ لگانے پر چالان کیا جائیگا

ٹریفک پولیس کو موٹر سائیکل سواروں کیخلاف ایک اور مد میں چالان کا اختیار دیا جائیگا۔ سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام نے بتایاکہ موٹر سائیکلز میں سائیڈ مرر حادثات کی روک تھام کیلئے لگوائے جا رہے ہیں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں 60 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلز موجود ہیں، لازمی سائیڈ مرر قانون کی عملداری سے ٹریفک پولیس کو ماہانہ لاکھوں روپے چالان کی مدمیں ملنے کا امکان ہے۔

موٹر سائیکلز میں لازمی سائیڈ گلاسز سے متعلق ترامیم کا مسودہ سندھ کابینہ میں پیش کیا جائیگا۔ سندھ کابینہ کی منظوری کی صورت میں موٹر سائیکلز میں سائیڈ گلاسز لگانے کا قانون نافذ العمل ہوگا۔ اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ عام افراد کی حفاظت کے لیے قانون لایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے عدالتی احکامات بھی ہیں کہ حادثات کی روک تھام کے لیے ہیلمٹ اور سائیڈ مرر کو لازمی قرار دیا جائے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مسودہ تیار کیا جا چکا ہے اور جلد ہی سندھ کابینہ کو بھیجا جائے گا، جس کے بعد کابینہ اس کی منظوری دے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق سائیڈ مرر نہ ہونے کے باعث موٹر سائیکل سوار عقب سے آنے والی گاڑی کو نہیں دیکھ پاتا اور موڑ کاٹنے کے دوران حادثے کا شکار ہو جاتا ہے۔

Leave a Reply