سب سے زیادہ سرجانی ٹائون میں70، پی اے ایف فیصل بیس پر36، گلشنِ معمار میں3.6، قائد آباد میں 5.5، یونیورسٹی روڈ پر 5.2ملی لیٹر بارش ریکارڈ

رپورٹ طاہر تنولی

مون سون سسٹم کے اثرات مشرقی سندھ میں داخل، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ و دیگر شہروں میں بارش کل تک جاری رہ سکتی ہے، محکمہ موسمیات

کراچی جمعرات کو شہر قائد میں کالی گھٹائیں چھاگئیں اور بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا، کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث برساتی نالے ابل پڑے، جگہ جگہ ٹریفک جام اور 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وسطی علاقوں میں بھی پہنچ گیا اور کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش کا سبب بنا۔ دوپہر کو دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر کالے بادل امڈ آئے جس کے بعد ابر رحمت برس اٹھی۔ بارش سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور کے الیکٹرک کے250سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق احتیاطی تدابیر کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کی گئی تھی۔ تیز بارش کے باعث ضلع وسطی کی متعدد مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا، شاہراہ عثمان پر حیدری مارکیٹ، ناگن چورنگی اور شاد مان ٹائون کا برساتی نالہ ابل پڑا۔ فور کے چورنگی سے دومنٹ چورنگی تک سڑک کا زیر آب آ گئی۔

شارع فیصل پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شدید ٹریفک جام رہا۔ ادھر ایف ٹی سی سے میٹرول پول کے درمیان سڑک کے دونوں جانب جبکہ پاور ہائوس چورنگی سے ناگن چورنگی اور سخی حسن چورنگی سے کے ڈی اے چورنگی پر بارش کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ناگن چورنگی پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے شہری ٹیوب میں بیٹھ کر سڑک پار کرنے پر مجبورہو گئے ۔

اسی طرح لیاقت آباد سے تین ہٹی اور جہانگیر روڈ سے گرو مندر جانے والی سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے سے بھی ٹریفک جام ہو گیا جبکہ بارش کے بعد تبت سینٹر، ریگل چوک، پٹیل پاڑہ، لسبیلہ چوک اور ڈینسو ہال پر بھی بارش کا پانی جمع ہو گیا

جس کی وجہ سے بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے متوقع مون سون بارشوں کے حوالے سے جاری نئی ایڈوائزری کے مطابق مون سون سسٹم کے اثرات مشرقی سندھ میں داخل ہوگئے ہیں، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، نواب شاہ، جیکب آباد، شکارپور، دادو اور جامشورو میں بارشیں 25 ستمبر تک جاری رہ سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہرکازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور نمی کا تناسب 78 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹائون میں70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی اور محکم پی اے ایف فیصل بیس پر 36، گلشنِ معمار میں3اعشاریہ 6 ملی میٹر، قائد آباد میں 5 اعشاریہ 5، یونیورسٹی روڈ پر 5 اعشاریہ 2، ناظم آباد میں 18ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 10 اور ایئر پورٹ اولڈ ایریا میں 14 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت اور راجستھان میں 2 سسٹم موجود ہیں، ایک اور سسٹم خلیج بنگال میں بن چکا ہے جبکہ خلیجِ بنگال کے سسٹم کے باعث 27 ستمبر کو بھی کراچی میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Leave a Reply