محکمہ موسمیات نے خطرے کے پیش نظر ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے بھی روک دیا
کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کی ایڈوائزری جاری کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بحیرہ عرب میں طاقت ور ہوا کے کم دبائوکی تشکیل کے باعث سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دبائوکا رخ بھارتی گجرات کی جانب ہے۔ کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں منگل سے2 اکتوبر کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے میر پور خاص، تھر پاکر، عمر کوٹ، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے درمیان بارشیں ہو سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں طغیانی اور کبھی انتہائی طغیانی رہنے کا امکان ہے،
اس لیے اس دوران ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کراچی میں ہونے والی طوفانی بارشیں کراچی میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں جبکہ ان بارشوں سے بدین، ٹھٹھہ، حیدر آباد اور دادو میں بھی اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 2 اکتوبر تک تیز سمندری ہواؤں، سمندری طوفان اور طوفانی بارشوں کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہنے کیلئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر فشرمینزکوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے طوفانی بارشوں اور تیز سمندری ہوائوں کے خطرے کے پیش نظر ماہی گیروں کو محتاط رہنے اورگہرے سمندر میں جانے سے روک دیا ہے۔ گہرے سمندر میں موجود لانچوں کو بھی محکمہ موسمیات کے الرٹ کے پیش نظر واپس آنے کاکہاگیا ہے۔
ایڈ منسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے ماہی گیروں کی زندگیاں سب سے عزیز ہیں۔ ماہی گیروں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ایڈ منسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے ماہی گیروں پر زور دیاکہ وہ اپنے علاقوں میں اعلانات کرا کر ماہیگیروں کو اس الرٹ کے حوالے آگاہی فراہم کریں