سندھ حکومت نے یکساں تعلیمی نصاب کی مخالفت کر کے ثابت کردیا کہ وہ سندھ کی عوام کا بھلا نہیں ،رہنما پی ٹی آئی
یکساں تعلیمی نظام رائج کرنے کا مقصد معاشرے میں پھیلی تقسیم کو ختم کر کے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے،طاہر ملک
کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما طاہر ملک نے کہا ہے کہ یکساں نصاب تعلیم کے نظام کے آگے سندھ حکومت سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
یکساں نصاب میں سندھ حکومت کی عدم دلچسپی کی اصل وجہ سندھ ٹیکس بورڈ کی اربوں کھربوں کی کرپشن ہے، جس کے ذریعے ہر سال ضرورت سے 100 گناہ زیادہ نصابی کتب چھاپی جاتیں ہیں
جس سے حکومت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا تعلیم کے شعبے میں یکساں نصاب کا اجراء ایک انقلابی اقدام ہے۔ پارٹی دفتر سے جاری اپنے بیان میں طاہر ملک کا مزید کہنا تھا
کہ یکساں تعلیمی نظام رائج کرنے کا مقصد معاشرے میں پھیلی تقسیم کو ختم کر کے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے۔ ہماری قوم کے بچے بہت ہی با صلاحیت ہیں لیکن بہتر تعلیمی نظام نہ ہونے کی وجہ سے وہ آگے نہیں بڑھ پاتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے یکساں تعلیمی نصاب کی مخالفت کر کے ثابت کردیا کہ وہ سندھ کی عوام کا بھلا نہیں چاہتی۔ سندھ حکومت عوام کو تعلیم اور شعور سے دور رکھنا چاہتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی کرپشن نے محکمہ تعلیم کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ سندھ کے اسکول بھینسوں کے باڑے میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ سندھ کے اسکولوں میں عملہ اور اساتذہ غیر حاضر رہتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی ترقی تعلیمی نظام میں اصلاحات اور یکساں نصاب کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔
سندھ حکومت حوش کے ناخن لے اور سندھ کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے یکساں نصاب رائج کرے۔