کوئی بھی بد معاشی سے حق کی آواز کو دبا نہیں سکتے، عوامی مسائل اجاگر کرنے پر کسی سماجی رہنما کو زدوکوب کرنا کھلم کھلا بدمعاشی ہے،رکن سندھ اسمبلی
کراچی(طاہر تنولی )پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے چند روز قبل رضویہ تھانے کی حدود میں جرائم پیشہ و غیر قانونی تعمیرات مافیا کے افراد کا یونٹی پیس فورم کے مرکزی صدر ظفر مقصود پر قاتلانہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظفرمقصود پر حملہ ناجائز تجاوزات کرنے والوں کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے ،
ظفر مقصود کوغیرقانونی تعمیرات کرنے والے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں ، ایسے غنڈہ گردی کے واقعات کی روک تھام نہایت ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا،
خرم شیر زمان نے کہا کہ اس طرح بھر ے بازا ر میں کسی سماجی شخصیت کو زد وکوب کرنا کھلم کھلا بدمعاشی ہے اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے، ظفر مقصود عوامی مسائل اور غیر قانونی تعمیرات کیخلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتے رہے ہیں
غیرقانونی تعمیرات کراچی کا سب سے اہم مسئلہ ہے ناجائز اور غیرقانونی بلڈنگز کی تعمیرات کی سرپرستی سندھ حکومت کے افسران و وزراء کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہر دو یا تین ماہ میں ایک غیر قانونی بلڈنگ گر جاتی ہے جس کے نتیجے میں بہت سارے غریب لوگ مو ت کا شکار ہوجاتے ہیں
اور لاتعداد مالی مشکلات میں مبتلا ہوجاتے ہیں، بلڈرز مافیا اداروں سے ملی بھگت کر کہ پیسہ سمیٹ کر بیرون ممالک فرار ہوجاتے ہیں اور کچھ عرصہ بعد دوبارہ مارکیٹ میں آ کر کرپٹ و راشی افسران کی مدد سے غیر قانونی تعمیرات شروع کردیتے ہیں، انہوں نے کہاکہ یونٹی پیس فورم کراچی کی عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اورناجائز تجاوزات کے خلاف مختلف جگہ پر احتجاج کرتی رہی ہے
ظفر مقصود پر قاتلانہ حملہ بھی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آواز بلند کرنے کا نتیجہ ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں آئی جی سندھ اور پولیس چیف سے کہ وہ ایسے غنڈوں کے خلا ف بھرپور قانونی کاروائی کریں اور یونٹی پیس فورم کے صدر ظفر مقصود پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کر کہ قانون کے مطابق سزا دلوائیں،
انہوں نے مزید کہا کہ بلڈر مافیا اور قبضہ گروپ کے خلاف کاروائی نہ ہوئی تو ان کی غنڈہ گردیوں میں مزید اضافہ ہوگا جو کہ سیکورٹی اداروں کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔