عالمی منظر نامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے، پاکستان تاریخی کردار ادا کرے گا، ہتھیار پھینک دینے والوں سے لڑنا جائز نہیں ہے

کراچی: وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عالمی منظر نامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے، پاکستان اس میں تاریخی کردار ادا کرے گا، جو ہتھیار پھینک دے اس سے لڑنا جائز نہیں ہے،

جنہوں نے اے پی ایس کے بچوں کو شہید کیا ان کا کیس الگ ہے، امریکا اور چین سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ان شا اللہ مہنگائی پر قابو پا لیں گے، اسی ہفتے چیئرمین نیب کا فیصلہ بھی ہو جائے گا،

پیپلز پارٹی سمجھدار ہے سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھ گئی ہے، ن لیگ چھتر بھی کھائے گی اور سمجھوتہ ایکسپریس پر بھی چڑھے گی، ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ڈالر ہولڈنگ پر کریک ڈائون کریں، مستقبل کی سیاست گہرے پانیوں کی ہے۔ ہفتہ کویہاں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ امریکا و چین سب سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان میں ہر قسم کے انسانی بحران میں ان کی مدد کریں گے، دنیا کے ساتھ بھی کھڑے ہیں اور افغانستان کے حالات کے ساتھ بھی کھڑے ہیں۔

ہم ایسی پوزیشن پر بیٹھے ہوئے ہیں کہ دنیا ہم سے بات کر رہی ہے، دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں بائی پاس نہیں کرسکتی، پاکستان چاہتا ہے افغانستان میں جامع حکومت ہو، افغان صورت حال پر پاکستان اور امریکی وزرائے خارجہ رابطے میں ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ کوئی ہمارے ملک آئے تو بسم اللہ، نہ آئے تو اسلام علیکم، افغان صورت حال پر امریکی صدر کو نشانہ بنانا نا انصافی ہے، امریکی عوام افغانستان کی صورتحال سے بے خبر ہیں، بائیڈن خود اپنے لوگوں کو جواب دے۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ جو آ رہا ہے دل کشادہ ہے،

جو نہ آئے خدا حافظ، واپسی کے دستخط امریکا نے کئے ہیں ہم نے تو نہیں کئے، ہم افغان بحران میں ہر ممکن مدد کریں گے۔ امریکی صدربائیڈن کے فون سے متعلق جس وزیر نے بیان دیا یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے۔ ہمارے پڑوس میں42 ممالک کی فوج اور ایجنسیاں لگی ہوئی تھیں، انہیں حالات کا پتہ ہی نہیں چلا۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ طالبان سے بات چیت کی ابتدا ہو رہی ہے، بات چیت کسی نتیجے پر نہیں پہنچی، ابھی تو آغاز ہے۔

ہمیں معلوم ہے کہ کون اچھا ہے اور کون برا ہے، ہماری منصوبہ بندی دو چار سال کی نہیں20 سال کی ہے۔ اے پی ایس کے بچوں کو قتل کرنے والوں کا کیس الگ ہے۔ جنہوں نے ہتھیار ڈال دئے ہیں ان سے لڑائی نہیں کریں گے۔ اگر بھارت بھی کشمیر کے بارے میں آرٹیکل370 اے سے پیچھے ہٹ جائے تو ہم کشمیر کے مسئلے سمیت تمام بات چیت کیلئے بھی تیار ہیں۔

بھارت کو ندامت اٹھانے کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے دشمنوں سے کونے کونے میں نمٹیں گے، دہشت گردی کو ختم کر کے دم لیں گے، دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اے پی ایس کے بچوں کو شہید کرنے والے بچوں کا کیس اور نقل مکانی کرنے والوں کا کیس الگ ہے۔

شیخ رشیدنے کہاکہ اسی ہفتے چیئرمین نیب کا فیصلہ بھی ہو جائے گا، پیپلز پارٹی سمجھدار ہے سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھ گئی ہے۔ ن لیگ لتر بھی کھائے گی اور سمجھوتہ ایکسپریس پر بھی چڑھے گی۔ اپوزیشن پر کیسز ہیں، ان سے بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ایک سیٹ کا وزیر ہوں، عمران خان میری بات سنتے ہیں، وزیرِ اعظم کو سب سے زیادہ مہنگائی کی فکر ہے، جو ڈیل ہو رہی ہے اس پر فارن آفس بیان دے رہا ہے۔ان

ہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن کیلئے بھی کوشش کی جا رہی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ لوگوں نے اگلا الیکشن عمران خان کی قیادت میں لڑنا ہے، باقی تو میری طرح تھکے ہوئے لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ گزشتہ رات ایف آئی اے نے کراچی اور پشاور میں ڈالر پکڑے بھی ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت بنگلا دیش اور بھارت سے کم ہے، اگر سعودی عرب سے تیل کے معاملے پر ڈیل ہو گئی تو پہلے سے بہتری آئے گی۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں تیل 40 سے 80 ڈالر ہوگیا ہے،

مہنگائی کی سب سے زیادہ فکر عمران خان کو ہے، وہ ہر ہفتے اس پر بات کررہے ہیں، عمران خان اس ملک کو ٹھیک کر رہا ہے۔ مہنگائی کو بھی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں،غریب کو کھانے پینے کی اشیا اور سستی ادویات کی فراہمی ہماری قومی ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہاکہ بعض اراکین قومی اسمبلی نے اپنے انگوٹھوں سے شناختی کارڈ جاری کرائے ہیں اس بات پر پردہ رہنے دیا جائے تو بہتر ہے، عملہ خراب نہیں ہے جو گندے عناصر ہیں انہیں ہم نکالیں گے۔ جعلی شناختی کارڈ کے الزام میں19لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

Leave a Reply