شہری حکومتوں کو بے اختیار کر کے پیپلز پارٹی سندھ کے وسائل پر قابض ہونا چاہتی ہے،مرکزی رہنما

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما طاہر ملک نے کہا ہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے خلاف تحریک انصاف خاموش بیٹھنے والی نہیں۔

تحریک انصاف نے پہلے بھی ہر فورم پر اس کالے قانون کے خلاف احتجاج کیا ہے اور آئندہ بھی سندھ حکومت کو سکون کا سانس نہیں لینے دے گی۔ اپنے دفتر سے جاری بیان میں طاہر ملک نے مزید کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ سے پیپلز پارٹی کی بدنیتی صاف ظاہر ہوتی ہے۔

شہری حکومتوں کو بے اختیار کر کے پیپلز پارٹی سندھ کے وسائل پر قابض ہونا چاہتی ہے۔ ہم سندھ حکومت کو اس کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی جماعتیں اس بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے پہلے سیاسی ایڈمنسٹریٹر لگا کر شہر کا بیڑا غرق کیا اب بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کے ذریعے بلدیاتی اداروں پر قابض ہو کر وسائل کو ہڑپ کرنا چاہتی ہے۔

طاہر ملک نے مزید کہا کہ ہماری جنگ صرف کراچی کے لیے نہیں بلکہ سندھ کے دیگر شہروں کے لیے بھی ہے۔ سندھ حکومت گزشتہ 13 سالوں سے سندھ کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالتی آئی ہے۔ بہت جلد سندھ سے پیپلز پارٹی کی اجارہ داری ختم ہونے والی ہے۔

سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں غربت اور محرومی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ سندھ کے عوام کے بنیادی حقوق کے لیے تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Leave a Reply