دعا نے مزنگ لاہور میں ظہیر ، نمرہ نے ڈی جی خان شاہ رخ سے نکاح کرلیا
کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاہور سے مل گئی جس نے یہاں شادی کرلی ہے۔
دعا زہرہ کراچی کے علاقے الفلاح گولڈن ٹان سے 16 اپریل کو لاپتہ ہوگئی تھی۔ کراچی پولیس نے دعا زہرہ کا پتہ لگالیا جو اس وقت لاہور میں موجود ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دعا نے لاہور میں نکاح کرلیا ہے۔
کراچی پولیس دعا زہرہ کے معاملے پر لاہور پولیس سے رابطے میں ہے جس نے دعا کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے جلد لاہور سے کراچی منتقل کیا جائیگا۔ دعا نے ظہیر احمد نامی لڑکے سے شادی کی جو شیر شاہ لاہور کا رہائشی ہے۔ دونوں کا نکاح مزنگ روڈ پر ایک مدرسے میں ہوا۔ دعا زہرا کا نکاح نامہ سامنے آگیا جس کے مطابق نکاح 17 اپریل کو ظہیر احمد نامی نوجوان سے ہوا جس کی عمر 21 سال ہے، حق مہر 50 ہزار رکھا گیا،
گواہوں میں شبیر اور اصغر نامی شہری شامل ہیں جبکہ نکاح مزنگ کے رہائشی حافظ غلام مصطفٰی نے پڑھایا۔ اس کیس میں کئی موڑ سامنے آئے۔ دعا زہرہ کے والدین نے کہا انکی بیٹی ساتویں جماعت کی طالبہ ہے لیکن تھانے کے ایس ایچ او سب انسپکٹر بدر شکیل نے اپنی پروگریس رپورٹ میں لکھا کہ سکول کے پرنسپل مجاہد نے بتایا کہ دعا زہرہ صرف تیسری جماعت تک زیر تعلیم رہی ہے اور وہ بھی ریگولر نہیں تھی۔ پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ملی تھی
جس میں لڑکی کو ایک گاڑی میں جاتے ہوئے دیکھا گیا تاہم پھر اعلٰی حکام نے اس پروگریس رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے تھانے دار کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ ادھرکراچی ملیر سے لاپتہ ہونے والی دوسری لڑکی 16 سالہ نمرہ کا بھی پتا چل گیا، لڑکی ڈیرہ غازی خان میں موجود ہے جہاں اس نے نکاح کرلیا۔ کراچی میں چند روز قبل ملیر سے یکے بعد دیگرے دو لڑکیاں لاپتہ ہوگئی تھیں، دعا زہرہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ لاہور میں موجود ہے اور اس نے نکاح کرلیا ہے اور اب معلوم ہوا ہے
کہ دوسری لاپتہ لڑکی نمرہ نے بھی نکاح کرلیا ہے اور وہ ڈیرہ غازی خان میں موجود ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے سعود آباد سے لاپتہ نمرہ اس وقت ڈیرہ غازی خان میں موجود ہے اور وہ شاہ رخ نامی لڑکے سے نکاح کر چکی ہے، قبل ازیں نمرہ کی والدہ نے شاہ رخ نامی نوجوان پر اغوا کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ دریں اثنا نمرہ کا عدالت میں جمع کرایا گیا ایک حلف نامہ بھی منظر عام پر آگیا ہے جس میں نمرہ نے کہا کہ میں اپنی مرضی اور ہوش و حواس میں شاہ رخ سے نکاح کر رہی ہوں۔
ادھر دعا زہرہ کی والدہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وہ اپنی بیٹی کے لیے پیغام دے رہی ہیںکہ میں کئی دن سے سوئی نہیں ہوں، کھانا بھی نہیں کھایا جاتا، میری دوسری بچیاں بھی پریشان ہیں اور بہن کی یاد میں روتی ہیں۔ دعا زہرہ کے والد نے کہا بیٹی ابھی نابالغ ہے ملنے کی تصدیق نہیں ہوئی دعا سے اپیل ہے کہ وہ گھر واپس آجائے۔
کراچی سے لاپتہ ہونے والی بچی دعا زہرہ کا سراغ ملنے اور نکاح کی خبروں کے بعد والد نے میڈیا سے گفتگو میںکہا میری بچی چار دن بعد 14سال کی ہوگی، اگر میری بیٹی سن رہی ہو تو اسے کہوں گا گھر آجائے، ابھی تک تمام فیک نیوز چل رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا سندھ اور پنجاب پولیس اس حوالے سے آپس میں رابطے میں ہے۔
دعا ، نمرہ نکاح