زرعی زمینوں میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ منڈلا رہا ہے،سندھ کے غریب کسان اور ہاری سراپا احتجاج ہیں۔ طاہر ملک
کراچی کے شہری بھی شدید گرمی کے اس موسم میں پانی کی قلت سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ طاہر ملک
کراچی ,پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما طاہر ملک نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی کا مسئلہ شدت اختیار کرتاجارہا ہے۔ صوبائی حکومت کی ملی بھگت سے صوبے کا پانی چوری کر کے غریب ہاریوں اور کسانوں کے بجائے زرداری اور دیگر با اثر افراد کی زمینوں پر بھیجا جارہا ہے۔
سندھ بھر میں بڑھتی ہوئی پانی کی قلت کا معاملہ کئی عرصے سے چلا آرہا ہے لیکن صوبائی حکومت نے اب تک پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کارکنان کے وفود سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
طاہر ملک کا مزید کہنا تھا کہ زرعی زمینوں میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ منڈلا رہا ہے۔سندھ کے غریب کسان اور ہاری پانی کی عدم فراہمی اور غیر منصفانہ تقسیم پر سراپا احتجاج ہیں۔ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ سندھ کے کسانوں کا استحصال کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف زرعی زمینوں میں پانی کی عدم فراہمی سے کسان طبقہ مشکلات کا شکار ہے تو دوسری طرف کراچی کے شہری بھی شدید گرمی کے اس موسم میں پانی کی قلت سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہر بھر میں ٹینکر مافیا کا راج چل رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں کہ جب عوام کے گھروں میں پانی نہیں آرہا تو ٹینکر مافیا کو پانی کہاں سے مل رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سمیت پوری سندھ کابینہ صرف سیاست میں مصروف ہے،
انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔طاہر ملک کا مزید کہنا تھا کہ بہت جلد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سندھ کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے میدان میں اتریں گے۔
وہ دن دور نہیں جب صوبے کے حکمرانوں سے 15سال سے سندھ کے عوام کے ساتھ کیے جانے والے ظلم اور زیادتیوں کا حساب لیا جائے گا۔