کراچی: ایم اے جناح روڈ پر بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکےمیں خاتون جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایم اے جناح روڈ پر نیومیمن مسجد کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد آگ لگ گئی۔ پولیس نے کہا کہ دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا تھا اور دھماکے کی جگہ پر ساری کپڑے کی دکانیں ہیں۔

دوسری جانب ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کاعملہ بھی وقوعہ پر پہنچ گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق بم موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ایم ایس سول ڈاکٹر روبینا نے دھماکے میں خاتون جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام نے جاں بحق خاتون کی شناخت سنیا کے نام سے کی ہے۔

وزیراعظم کا اظہار مذمت

وزیر اعظم شہباز شریف نے بولٹن مارکیٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے خاتون سمیت 12 زخمی افراد اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کی ہے اور ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تمام صوبے امن وامان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی انتظامات میں بہتری لائیں۔

وزیر اعلی سندھ کا واقعہ پر نوٹس

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کا نوٹس لیا ہے جبکہ سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے بتایا کہ سید مراد علی شاہ نے دھماکے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں رواں ماہ کو یہ دوسرا دھماکا ہے۔ اس سے قبل 12 مئی کو صدر کے مصروف ترین مقام کے قریب زور دار دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں تھیں۔

نوائے بروج میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

Leave a Reply