کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آندھی کیساتھ تیز بارش نے جل تھل ایک کردیا، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، شہر قائد میں بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی، دفاتر سے گھروں کو جانے والے شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا، آندھی کے باعث کئی موٹر سائیکل سوار گرگئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں اچانک آندھی کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے جل تھل ایک ہوگیا۔ ہم شاہرائوں پر اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، ٹریفک جام ہونے سے شہری کئی کئی گھنٹے پھنسے رہے۔ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کورنگی کاز وے کو بھی ٹریفک کیلیے بند کردیا،
جام صادق پل اور قیوم آباد سے کورنگی جانے والے روڈ پر ٹریفک کا دبائو، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شہدادپور، جاتی،ٹھٹھہ و دیگر شہروں میں بارش نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 34.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ قائدآباد میں 28.5 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 28 ملی میٹر جبکہ ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 24 ملی میٹر،ورنگی ٹاؤن اور یونیورسٹی روڈ پر 20 ملی میٹر، جناح ٹرمینل 10.6 ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ میں 9.2 ملی میٹر،پی اے ایف بیس مسرو ر میں 9 ملی میٹر، فیصل بیس میں 8 ملی میٹر، کیماڑی میں 7 اور نارتھ کراچی میں 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ کراچی میں سب سے کم بارش ناظم آباد میں 2.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئ
ی۔محکمہ موسمیات نے سندھ کے حوالے سے پیش گوئی کی آج حیدرآباد، مٹیاری، ٹھٹھہ، جامشورو، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان اور سجاول میں بھی چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی سے معتدل اور چند مقامات پر تیز بارش ہوسکتی ہے۔