کراچی صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صوبے میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ 8431 کلومیٹر کی 780 سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ 180 پل ، 1642 کلورٹز اور 2125 کاز ویز کو نقصان ہوا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اس ضمن میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے، تاہم کوٹری بیراج پر اس وقت بھی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ پانی کی آمد 525700 کیوسک اور کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 500900 کیوسک ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ میں برسات اور سیلاب کے واقعات میں 646 قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے اور 8321 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سندھ بھر میں لائیو اسٹاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور اب تک 200317 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 1598090 مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں 500249 مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں، جبکہ 1077210 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مجموعی طور پر 10552903 آبادی متاثر ہوئی ہے، 1666266 خاندان شامل ہیں۔
جبکہ 6940907 افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ متاثرین کے لئے کراچی ڈویژن میں41 ، حیدرآباد ڈویژن میں 296 ، سکھر 269 ، شہید بےنظیر آباد میں 579، لاڑکانہ میں 481 اور میرپور خاص ڈویژن میں 48 ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے، یو این ڈبلیو ایف پی ، پاکستان آرمی، نیوی اور فضائیہ نے 494357 راشن بیگز متاثرین میں تقسیم کئے ہیں۔ سیلاب متاثرین میں 222584 خیمے ، 1852298 مچھردانیاں، 202825 پلاسٹک ترپال ،10157 مویشی مچھر دانیاں ، 33335 جیری کینز ، 25375 کچن سیٹس،406436 لیٹر منرل واٹر ، 3500 فرسٹ ایڈ کٹس، 1900 اسکول ٹینٹس سمیت دیگر سامان تقسیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ریسکیو ، ریلیف آپریشن جاری ہے۔ جس میں پاک آرمی ، نیوی اور فضائیہ کے جوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ حکومت سندھ نوشہرو فیروز ، خیرپور ، مٹیاری اور جھڈو سے برسات کے پانی کے اخراج پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ نوشہرو فیروز ، خیرپور ، مٹیاری سے روہڑی کینال میں پانی کی نکاسی کے لئے تمام پمپنگ مشینری کو فعال کردیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی سے منچھر جھیل کا پانی تیزی سے دریا میں جا رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ متاثرین کو فوری طبی امداد کےلئے محکمہ صحت میں کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ متاثرین کسی بھی شہر، گاؤں سے فوری طبی امداد کیلئے فون نمبرز02292040106 اور 0229240114 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔