سیلاب متاثرہ علاقوں سے مزید 17 افراد کی ہلاکتیں رپورٹ، تعداد724 ہوگئی
کراچی :صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے بارشوں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا سروے کرنے کے لیے یونین کونسل سطح پر جوائنٹ سروے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، ضلعی انتظامیہ ، پاک آرمی ، این ڈی ایم اے ، پی ڈی ایم اے کے نمائندوں اور متعلقہ یونین کونسل کے سیکریٹری پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے جاری بیان میں کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیمانے کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی بھی یونین کونسل میں ایک سے زائد کمیٹیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ سروے کمیٹیوں کی مانیٹرنگ کے لیے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ سپروائزری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایس ایس پی ، ڈسٹرکٹ ملٹری لائیزن آفیسر ، این ڈی ایم اے ، سپارکو ، پی ڈی ایم اے کے نمائندوں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے مزید 17 افراد کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، تعداد 724 ہوگئی ہے۔حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے 8422 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید 23312 مویشی ہلاک ہونے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے ،مویشیوں کی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 313,509 ہو چکی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے 1061776 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے ، جبکہ 720749 مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔
مجموعی طور پر 10946553 آبادی متاثر ہوئی ہے ، جبکہ 2127311 خاندان متاثر اور 7256981 افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ،متاثرین کو اس وقت تک 284625 خیمے ، 247512 پلاسٹک ترپال ، 2254495 مچھردانیاں،26740 سلیپنگ میٹس,746212 لٹر منرل واٹر ، 34034 کچن سیٹس،7000 فرسٹ ایڈ کٹس،15430 مویشی مچھر دانیاں اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے، جبکہ 736949 خاندانوں کو راشن بیگس دیئے گئے ہیں ،
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی ، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام سے کمٹیڈ ہے ،تمام متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔