کراچی صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کے واقعہ پر سرشرم سے جھک گئے۔
پاکستان کی تاریخ میں اس سے بری مثال نہیں کہ ایک خاتون کو غیر ملک میں ہراساں کیا گیا۔ میرا خیال ہے کہ یہ عمران خان نے جس کلچر کو فروغ دیا ہے ، ایک دن عمران خان کو خود بھی سامنہ کرنا پڑے گا۔
سیلابی صورتحال میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ، پانی کم ہو رہا ہے ، لوگ اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں۔ حیدرآباد میں 30 فیصد افراد ریلیف کیمپس سے واپس اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ آرکائیوز میں پیر کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت اور راشن فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر علاقے کے اپنے ڈائنامکس ہیں ، کچھ علاقوں سے 15 دن ، بعض علاقوں سے 30 دن ، جبکہ کچھ علاقوں سے پانی کی نکاسی میں تین مہینے لگ سکتے ہیں۔ سندھ حکومت پانی کی نکاسی پر توجہ دے رہی ہے ،اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سندھ روزانہ کی بنیاد پر محکمہ آبپاشی سے اجلاس کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی نکاسی پر پی ڈی ایم اے کی ہیوی مشینری کے علاوہ کراچی واٹر بورڈ اور کے ایم سی کی مشینری بھی موبلائیز کی گئی ہے ، تاکہ جلد از جلد متاثرہ علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور این جی اوز کو بھی کہا ہے کہ پانی کی نکاسی میں مدد کریں اور پمپنگ موٹرز فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی نکاسی کے بعد ریہیبلیٹیشن کے کام کا آغاز کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہرنائی میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 جوانوں کی شہیدوں کے لئے دعاگو ہیں، انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ، شہیدوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رہیں گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت شہیدوں کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کرتی ہے۔