کراچی:وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سیلاب اور بارشوںکے پانی کی نکاسی پر توجہ دے رہی ہے،جس کی وجہ سے بیماریاں پیدا ہورہی ہیں، اس کے ساتھ متاثرین کی بحالی کے مرحلے کا بھی آغاز ہوچکا ہے،یونین کونسل سطح پر سروے جاری ہے۔
متحدہ عرب امارات کی شاہی خاندان کے ایک فرد نے300مکانات تعمیر کرکے دینے کی پیشکش کی ہے، جہاں پر اسکول، مسجد اور کمیونٹی سینٹر کی سہولت موجود ہوگی،گھروں کو بجلی کی فراہمی کیلئے سولر پینلز نصب کئے جائیںگے۔ جس پر جلد کام کے آغاز کی امید ہے۔ انہوںنے مخیر حضرات سے اپیل کی آگے آئیں اور سیلاب متاثرین کی بحالی میں حکومت سندھ کا ہاتھ بٹائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کو سندھ آرکائیوز میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ سندھ حکومت گھروںکی تعمیرکیلئے منصوبہ بندی کررہی ہے ، جس کیلئے اربوں روپے مختص کئے جائیںگے۔ اس سلسلے میںکراچی، حیدرآباد، سکھر اور دیگر شہروں میں سیمینارز منعقد کئے جائیںگے، جس میں غیرملکی سفارتکاروں اور غیرملکی میڈیا کو بھی مدعوکیا جائیگا۔ سندھ حکومت کی ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں،گزشتہ24گھنٹوں میں مزید43141خاندانوں کو راشن بیگ فراہم کئے گئے،متاثرین کو16650خیمے، 10770ترپال اور دیگر سامان فراہم کیا گیا۔
مجموعی طورپر1241873خاندانوںکو راشن بیگس مہیا کیا جا چکا ہے، جبکہ متاثرین میں417635ٹینٹ،433560 پلاسٹک ترپال،782988منرل واٹر،62837جیری کینس،14005بیڈ شیٹ، 2790079مچھردانیاں،18916مویشی مچھر دانیاں اور دیگر سامان تقسیم کیا جا چکا ہے، اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لئے 113 ٹرک مائونٹیڈ ڈی واٹرنگ پمپس، 79 گرائونڈ اسٹینڈنگ ڈیواٹرنگ پمس اور 175 پانی کی نکاسی کے چھوٹے پمس فراہم کئے گئے ہیں۔
کوٹری بیراج پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ کیوسک تک پہنچ گیا ہے، گزشتہ24گھنٹوں میںکوٹری بیراج پر پانی کی آمد113600کیوسک اور ڈائون اسٹریم کوٹری میں اخراج82700کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ بہت بڑی آفت ہے ، جس سے پورے صوبے میں بڑی تباہی آئی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے سامنے برسات متاثرین کا مقدمہ مؤثر طریقے سے پیش کیا ہے، جس کے بعد اب عالمی برادری مدد کے لئے آرہی ہے۔ عمران خان کو بہت زیادہ ڈھیل دی گئی۔ گزشتہ روز بھی انہوں نے جلسہ عام میں ریاستی اداروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ جتنی سہولت عمران خان کو میسر ہے، کسی اور پاکستانی کو حاصل نہیں۔
یہ شخص روزانہ کی بنیاد پر سوچی سمجھی بے ہودہ مہم چلا رہے ہیں۔ معزز سیشن جج صاحبہ جس دن چھٹی پر تھیں، کالے چشمے پہن کر محض دکھاوے کیلئے معافی مانگنے عدالت پہنچ گیا۔ اپنے ساتھ اپنی سوشل میڈیا ٹیم بھی لیکر آئے جو کمرا عدالت میں ویڈیوز ریکارڈ کرتی رہی۔ اس طرح عدالت سے معافی مانگی جاتی ہے۔
فرح گوگی کی پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کی کہانیاں موجود ہیں، جس کے ذریعے کرپشن کا پیسہ بنی گالا جاتا تھا۔ علیمہ خان نے بیرون ملک جائدادیں خریدیں۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے سندھ پولیس سنجیدہ کوششیںکر رہی ہے۔ پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں قتل کے واقعات میں54.4فیصد کیسز حل کئے ہیں، جبکہ اسٹریٹ کرائم میں زخمی ہونے کے واقعات میں 36.66 فیصد کیسز حل کئے ہیں۔