کراچی: ڈیفنس میں آن لائن فوڈ ڈیلیوری کی دکان میں دھماکا ہوگیا ۔ ڈیفنس فیز سیون خیابان جامی میں دکان میں سلنڈر دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور6افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا، جس سے نہ صرف آس پاس کی عمارتوںکے شیشے ٹوٹ گئے بلکہ ایک گاڑی اور متعدد موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ دکان کے سامنے کی دیوار گرگئی جبکہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے سے دکان کے باہر پارک ایک گاڑی اور متعدد موٹرسائیکلوںکو بھی نقصان پہنچا، اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور ریسکیو ورکرزکی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمیوںکو ابتدائی طورپر جناح اسپتال اور اس کے بعد سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا، تمام افراد جھلسنے کے باعث زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں16سالہ شاہ نور ولد شہزاد،45سالہ زوہیب ولد مقصود،30سالہ عامر ولد صغیر اور26سالہ انیل ولد نعمان شامل ہیں جبکہ دو زخمیوںکی حالت تشویشناک ہے، بے ہوشی کے باعث انکے نام فوری طور پر معلوم نہ ہوسکے۔جس عمارت میں دھماکا ہوا اس کے گرائونڈ فلور پر دکانیں قائم ہیں جبکہ بالائی منزلوں پر فلیٹ ہیں جن میں رہائش ہے جبکہ اطراف میں ایسی ہی عمارتیں ہیں جن میں بڑی تعداد میں شہری رہائش پذیر ہیں، واقعے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس حکام نے واقعے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ اور کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا۔ بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے میں کوئی آئی ای ڈی یا آئی ڈی ڈی استعمال ہونے کا امکان مسترد کردیا۔ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے میںکوئی آئی ای ڈی یا آئی ڈی ڈی استعمال نہیں ہوئی،5موٹرسائیکلوں، ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔8گیس سلنڈر اورگیس لائن انتہائی بری حالت میں ملے، جائے وقوع کا بم ڈسپوزل سے تعلق نہیں، جائے وقوع کا تعلق سوئی گیس اور سلنڈر کمپنی سے ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ رپورٹ متعلقہ پولیس حکام کو دیدی گئی ہے۔ ایس ایس پی سائوتھ نے بتایا ہے کہ دکان میں دھماکا مبینہ طورپر سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔ واقعہ کا عینی شاہد زخمی مکینک سامنے آگیا۔ جس کاکہناہے کہ جیسے ہی دھماکا ہوا کوئی چیز میرے سر پر آکر لگی، میری دکان سامنے ہے، کام میں مصروف تھا، نہیں معلوم دھماکا کیسے ہوا، دھماکے کے بعد کچھ سمجھ نہیں آیا۔

Leave a Reply