کراچی : گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ میں اسٹریٹ کرائمز کا نوٹس لے لیا، آئی جی اور ایڈیشنل آئی کو گورنر ہائوس طلب کرلیا۔ گزشتہ روز کامران ٹیسوری شہدا کے قبرستان عزیز آباد گئے جہاں انہوں نے شہدا کے لئے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی۔
بعد ازاں وہ ڈاکٹر عمران فاروق اور عظیم احمد طارق کی قبروں پر گئے اور پھول رکھے۔اس موقع پر سابق میئر کراچی وسیم اختر بھی موجود تھے۔ ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پہنچ کر انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور متحدہ کے کارکنان نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے
میری پوری کوشش ہوگی کہ میں نہ صرف اس پر پورا اتروں بلکہ اس فیصلہ کو درست بھی ثابت کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ وفاق و صوبہ کے درمیان ہم آہنگی کے مزید فروغ میں اپنی تمام تر صلاحتیں اور کاوشیں بروئے کار لاسکوں اس ضمن میں تاجر برادری سے قریبی رابطہ رکھنے کے ساتھ ساتھ متحدہ کے بند دفاتر کو کھلوانے کی پوری کوشش کرسکوں انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کے خاندان کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔
دریں اثنا کامران ٹیسوری سے معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اور صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع، بزنس کمیونٹی کو سازگار حالات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنرسند ھ نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے،یہاں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی پاکستان کی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے۔
انہوںنے مزید کہا کہ صنعت کار ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ملاقات میں معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے کاروباری برادری کی جانب سے گورنر سندھ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔