کراچی: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ،اطلاعات و چیئرمین ٹرانس کراچی بورڈ آف ڈائریکٹرز شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت بورڈ کا 20 واں اجلاس منعقد ہوا ، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیپٹن( ریٹائرڈ) الطاف حسین ساریو ، سی ای او ٹرانس کراچی واصف اجلال ، شمائل سکندر ، محترمہ رخسانہ راہوجا، محمد اقبال لالانی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈز کے 19ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری ،بورڈ میں تین نئے ممبران شامل کرنے اور بورڈ کی ذیلی آڈٹ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ ہیومن ریسورس کمیٹی، نامی نیشن کمیٹی، فنانس کمیٹی اور پروکیورمنٹ کمیٹی کی تشکیل بورڈ کے آئندہ اجلاس تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بورڈ کا سالانہ اجلاس 13 نومبر کو بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا،

اجلاس میں بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر صوبائی وزیر و چیئرمین شرجیل انعام میمن نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو پروجیکٹ کے روٹ پر یوٹیلٹی انسٹالیشن کی منتقلی کے لئے متعلقہ اداروں سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کراچی کا اہم ترین پروجیکٹ ہے۔ پروجیکٹ ماڈل کالونی، ملیر کینٹ، صفورا چورنگی ، یونیورسٹی روڈ ، سوک سینٹر ، جیل چورنگی اور آس پاس کے علاقوں کے مسافروں کو نمائش چورنگی پر گرین لائن سے انٹیگریڈ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کی لاٹ ون ماڈل کالونی ٹینک چوک سے موسمیات تک ہے۔ ملیر ہالٹ پر بس ڈیپو کی تعمیر کے لیے اراضی کا کنٹرول دے دیا گیا ہے ۔

ٹیپو سلطان اور ریس کورس بس اسٹیشنز کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے، لاٹ ون میں ٹیپو سلطان انڈر پاس اور ریس کورس انڈر پاس کی تعمیر کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ موسمیات سے نمائش چورنگی کی لاٹ ٹو میں این ای ڈی یونیورسٹی ، کراچی یونیورسٹی اور شیخ زائد بس اسٹیشن کی تعمیر کا کام شروع ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی ترجیح ہے کہ کراچی کے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی جدید اور آرام دہ سہولیات فراہم کریں ۔

بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لئے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں ۔پروجیکٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پروجیکٹ کے بایو گیس پلانٹ کی تعمیر کے لیے لانڈھی میں اراضی ٹرانس کراچی کے حوالے کر دی ہے ۔ اس ضمن میں گیس پلانٹ کی تعمیر کا ٹینڈر جلد از جلد جاری کیا جائے ۔

Leave a Reply