کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور محکمہ زراعت کے دو مختلف اجلاسوںکی صدارت کرتے ہوئے کاشتکاروںکوگندم اور آئل سیڈکی فراہمی کیلئے7ارب روپے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے
کہ ہمیں کاشتکاروںکی حوصلہ افزائی کرکے انکا ساتھ دینا ہوگا تاکہ وہ اپنی سیلاب زدہ زمینوں کو ربیع کی فصلوںکیلئے تیار کرسکیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر زراعت منظور وسان، وزیر خوراک و ایکسائز مکیش چاولہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری فیاض جتوئی اور سیکرٹری زراعت اعجاز مہیسر نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ کے مشیر برائے زراعت منظور وسان نے کہاکہ تقریباً 369400 ایکٹر رقبہ گندم کی کاشت کیلئے تیار ہے، کاشتکاروںکو فصل کی کاشت کیلئے گندم اور تیل کا بیج دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ کاشتکاروںکوگندم اور تیل کی فصلوںکا بیج فراہم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔اس مقصدکیلئے7ارب روپے کی منظوری دی ہے، محکمہ آبپاشی پانی کی فراہمی کیلئے اپنے نظام کو مضبوط کرے۔ ہمیں خریف کی ابتدائی اور تاخیر سے بوائی کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے مشیر منظور وسان کو ہدایت کی کہ وہ بیج کی تقسیم کا طریقہ کار وضع کریں اور اسے ایک ہفتے کے اندر منظوری کیلئے پیش کریں۔ وزیراعلیٰ نے پی اینڈ بورڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین حسن نقوی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت ہر شعبے کے ترقیاتی پورٹ فولیو کا جائزہ لیں اور سیلاب اور شدید بارشوں سے تباہ ہونے والی جاری اسکیموںکی نشاندہی کریں۔
ہمیں موجودہ تباہ شدہ انفرااسٹرکچر بشمول سڑکوں، عمارتوں، پلوں اور آبپاشی کے نظام کو بہتر کرناہے۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی نے وزیراعلیٰ کو بتایاکہ اے ڈی پی23-2022میں نئی اسکیموںکیلئے79.119 ارب روپے اور جاری اسکیموںکیلئے 253.146روپے مختص کئے گئے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ وزیراعلیٰ نے کراچی کی اسکیموںکے علاوہ تمام جاری فنڈز کو منجمد کردیا ہے، انسانی وسائل کی بحالی سے متعلق ادائیگیوںکیلئے فنڈز مختص کئے ہیں۔ نئی اسکیموںکیلئے کوئی نیا فنڈ ریلیز نہیں کیا جائےگا۔
وزیراعلیٰ نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ وہ اسکیموںکی صورتحال کا جائزہ لیں۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی نے کہا کہ وہ تفصیلات جمع کریںگے اور آئندہ چند روز میں چیئرمین کو پیش کریںگے۔
