کراچی :گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ تاجر، صنعت کار قومی معیشت کے معمار ہیں۔ملک کی خوشحالی میں تاجروں و صنعت کاروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدر عرفان شیخ کر رہے تھے۔

ملاقات کے دوران برآمدات کے فروغ کے اقدامات ، صنعتوں کی مزید فعالیت پر بات چیت کے علاوہ روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی میں کاروبادی برادری کے کردار سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاجر وصنعت کار قومی معیشت کے معمار ہیں ، معاشی خوشحالی میں تاجروں و صنعت کاروں کا کردار قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاجر و صنعت کاروں کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ ہیں،

اس ضمن میں حکومت کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ کاروباری برادری نے ہر مشکل میں حکومت کا ساتھ دیا،ان کے تعاون سے ہر امتحان سے نکلے ہیں اور ان کے تعاون سے ہی کورونا وائرس کا کامیابی سے مقابلہ کیا ،انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ان کی اعانت سے سیلاب سے تباہ کاری کا بھی مقابلہ کررہے ہیں ۔

وفد نے گورنرسندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر عرفان شیخ نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورنرسندھ کاروبار و صنعت دوست اقدامات اٹھائیں گے ، کیونکہ ہمیں گورنرسندھ سے بڑی امیدیں ہیں۔ اراکین وفد نے امید ظاہر کی کہ گورنرسندھ ہمیں درپیش مشکلات کے حل میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Leave a Reply