کراچی :گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے آل کراچی تاجر الائنس کے 17 رکنی وفد نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی سربرہی خواجہ جمال سیٹھی کر رہے تھے۔ ملاقات میں مارکیٹوں کے اطراف تجاوزات،لوڈ شیڈنگ،اسٹریٹ کرائمز صحت و صفائی کی صورتحال اور دیگر مسائل سے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ شہر قائد کی مارکیٹوں کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے اس ضمن میں سیف سٹی پر کام جاری ہے۔ اس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں نگہبان کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ان کیمروں کیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز بھی بنائے جارہے ہیں چاہتے ہیں اس منصوبہ میں سماجی کارکن ، تاجر برادری اور دیگر غیر سیاسی افراد شمولیت اختیار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے تمام تجارتی مراکز کے کا جلد دورہ کروں گااور سڑکوں کی استر کاری، فٹ پاتھوں کی مرمت، مارکیٹوں کے اطراف پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا۔
گورنرسندھ نے کہا کہ تاجر ملک و صوبہ کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ بالخصوص تاجر برادی سیلاب زدگان کی بجلی کے کام میں بڑھ چڑھ کے حصہ لے۔ وفد نے مسائل تفصیل سے سننے پر وفد نے گورنرسندھ کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناگورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے پاکستان کے سابق لیجنڈ آف اسپنر توصیف احمد نے گورنرہاؤس میںملاقات کی۔ نواب عالم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ملاقات میں نوجوان کرکٹرز کی تربیت، با صلاحیت کرکٹرز کی تلاش کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ کے انعقاد اور کرکٹ کے فروغ کے دیگر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ 1986 کے آسٹرلیشیا کپ کی فتح میں توصیف احمد کا بھی نمایاں کردار ہے۔ کامران خان ٹیسوری سے جامعہ عربیہ اویس قرنی کے 7 رکنی وفد نے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں مدارس کی اہمیت ،باہمی ہم آہنگی،بھائی چارہ اور اخوت کے فروغ میں ان کے کردار اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ حکومت فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لئے کام کررہی ہے، علما ئے کرام کا تعاون اشد ضروری ہے۔