کراچی :صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان ہر اہم معاملے پر کھلواڑ کر رہے ہیں۔

عمران خان قوم کے پیسہ ، ملکی سالمیت ، قومی اداروں سے کھیلتے رہتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی ضمنی انتخابات میں شاندار کارکردگی پر ان کو شاباش دیتے ہیں۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملیر میں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور ملتان میں وائس چیئرمین کو عبرتناک شکست دی۔ لیاری میں پی ٹی آئی بھاگ گئی ، 100 فیصد نبیل گبول لیاری سے جیت جاتا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام لیکن عین وقت پر اسٹے آرڈرز جاری کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ لیاری کے عوام کو اپنا حقیقی نمائندہ منتخب کرنے سے محروم کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے گزارش ہے لیاری میں ضمنی انتخاب پر اسٹے آرڈر ختم کیا جائے ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے اسمبلی تو جانا نہیں ،این اے 239 ، مردان ، پشاور ، چارسدہ ، فیصل آباد ، اور ننکانہ صاحب کی عوام دو تین ماہ کے بعد ایک اور ضمنی انتخاب کے لیے تیار ہو جائے۔

دریں اثنا اپنے ایک اور بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔گزشتہ 48 گھنٹوں میں مزید 51735 خاندانوں کو راشن بیگز فراہم کئے گئے ہیں۔
امدادی سرگرمیوں سے متعلق جاری پریس بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بدین میں 1300 خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کئے گئے۔

اسی طرح دادو میں 4500، جامشورو8400، سکھر 2000، نوشہرو فیروز19300، شہید بینظیر آباد 6785 ، میرپور خاص3900، جیکب آباد1000، لاڑکانہ 1000، قمبر شہدادکوٹ 1000 ، خیرپور میرس 500 اور سجاول میں 2000 خاندانوں کو راشن بیگس فراہم کئے گئے۔

مجموعی طور پر 1724399 خاندانوں میں راشن بیگس تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

Leave a Reply