کراچی :صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام کا آغاز ہوگیا ہے اس وقت تک 2 لاکھ 50 ہزار متاثرہ گھروں کا ڈیٹا آچکا ہے، جس میں تصویریں اور ویڈیوز شامل ہیں۔ بحالی کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے تعلقہ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں

، جس میں پاکستان آرمی اور نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ کوئی مستحقِ جس کا گھر منہدم ہو گیا ہے وہ رہ نہ جائے اور اور جو مستحق نہیں ہے۔ اس میں شامل نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ کمپنی قائم کر دی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ آرکائیوز میں جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا موقف ہے کہ متاثرین کو گھروں کی تعمیر کیلئے رقوم دی جائیں۔ اس سلسلے میں گھروں کی تعمیر کیلئے متاثرین کو مراحل میں پیسے جاری کئے جائیں گے اور تعلقہ سطح پر کمیٹیاں اس کی مانیٹرنگ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر میں این جی اوز کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جتنی بڑی قدرتی آفت تھی ، سندھ حکومت نے اس سے زیادہ اسپیڈ سے امدادی سرگرمیاں کی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کام کر رہی ہے۔ محکمہ آبپاشی ، بلدیات ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیگر متعلقہ ادارے ڈیواٹرنگ اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متاثرہ علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے 30 اکتوبر کا ٹارگٹ دیا ہے ، تاہم اس میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے کاشتکاروں کو بیج کی فراہمی کے لیے 7 ارب روپے مختص کر دیئے ہیں جبکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 785 اموات ہوئی ہیں ، جن کے لواحقین کو فی کس10،10 لاکھ روپے امداد دی جا رہی ہے۔ جبکہ 18 لاکھ سے زائد خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پوری پاکستان کے سیلاب متاثرین کو اربوں روپے امدادی رقوم دے رہی ہے۔ اس وقت تک متاثرین میں 70 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صدر آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت میں شروع کیا تھا، جس کا مقصد ہی یہی تھا کہ روٹین کی امداد کے علاوہ قدرتی آفات میں متاثرین کی امداد کے لئے ڈیٹا موجود ہو۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر وقت انتخابات کے لیے تیار ہے ، حالیہ ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کا دو نشستوں پر فوکس تھا ، دونوں نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی نے بڑے مارجن کے ساتھ کامیابی حاصل کی اور پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست دی۔ جو شخص کہتا تھا کہ وہ پاپولر لیڈر ہے ، ان دو نشستوں سے ثابت ہوگیا کہ یہ شخص پاکستان پیپلز پارٹی کے سامنے کتنا مقبول ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ کل بلدیاتی انتخابات ہوجائیں۔

Leave a Reply