میہڑ، کندھ کوٹ : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی پی، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی امریکا کے ایجنٹ ہیں۔
کشمیر کی سودے بازی سے لیکر دفعہ 62 کے خاتمے اور ٹرانس جینڈر بل تک سب متفق ہیں۔ میہڑ بائی پاس پر سیلاب متاثرین کی امداد میں تاخیر و کرپشن کےخلاف احتجاجی جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کا راستہ روکنے کےلئے امریکا یہاں حکومت اور اپوزشن بھی اپنی مرضی کی پلان کرتا ہے۔
جماعت اسلامی نبی مہربان کے نقش قدم پر چلنے والی جماعت ہے جو ملک میں نظام مصطفیٰ کا نفاذ چاہتی ہے۔ ظلم کے نظام کے خاتمے اسلامی و خوشحال پاکستان کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ 70 ارب میں سے تاحال عوام کو کچھ نہیں ملا، چینی و آٹا چور حکمرانوں نے مظلوم عوام کو لاوارث چھوڑدیا ہے۔ سیلاب متاثرین کی امداد وبحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت ایک پیج پر نہیں ہیں۔ چیف جسٹس کے حکم کے باوجود ریاست و حکومت 4 سالوں میں بھی سندھ کی مظلوم بیٹی ام رباب کو انصاف نہیں دے سکی۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ سندھ کا سب سے بڑا مسئلہ پیپلزپارٹی کی قیادت میں یہاں کے جاگیردار اور وڈیرہ شاہی ہے۔جن کے کتوں،گھوڑو اور بلیوں کے لیے دود و شیمپو فرانس سے منگوایا جاتاہے۔مگر سندھ کے غریب عوام غربت و افلاس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جماعت اسلامی کے 50 ہزار کارکنان دن رات ڈھائی مہینوں سے مسلسل سیلاب زدگان کی خدمت مصروف ہیں، مرکزی امیر سراج الحق نے کندھ کوٹ میونسپل اسٹیڈیم میں منعقدہ احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی عدالتوں میں انگریز کا نظام ہے۔
انگریز کی کتاب سے عدالتوں میں انصاف ممکن نہیں، سندھ کے سیلاب متاثرین کے مسائل کیلئے جرگہ بٹھا رہے ہیں، سندھ کے سیلاب متاثرین کی حکومتوں نے مدد نہیں کی، ام رباب چانڈیوکے پیاروں کے قاتلوں کو سپریم کورٹ کے تین ماہ میں گرفتار کرنے کا کہا مگر عدالتوں میں رشوت اور سفارش چلتی ہے،
یہاں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے احکامات نہیں چلتے۔ سندھ کے عوام اسلامی نظام اور جماعت اسلامی کی کامیابی کیلئے جدوجہد میں ساتھ دیں۔